• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نواز شریف احتساب عدالت میں پیش،2 اکتوبر کو فرد جرم عائد ہوگی

شائع September 26, 2017
نواز شریف احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر—فوٹو: اے پی
نواز شریف احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر—فوٹو: اے پی

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف اپنے خلاف دائر ہونے والے تین نیب ریفرنسز کا سامنا کرنے کے لیے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوگئے جہاں ان پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی گئی۔

دوسری جانب احتساب عدالت نے نواز شریف کے بچوں حسن، حسین اور مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 2 اکتوبر کو پیش ہونے اور 10، 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

سابق وزیراعظم سخت سیکیورٹی اور پروٹوکول میں اسلام آباد میں واقع پنجاب ہاؤس سے احتساب عدالت پہنچے جہاں انہیں حاضری لگانے کے بعد واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔

پیشی کے موقع پر سابق وزیراعظم کا سیکیورٹی پروٹوکول—فوٹو: اے ایف پی
پیشی کے موقع پر سابق وزیراعظم کا سیکیورٹی پروٹوکول—فوٹو: اے ایف پی

پیشی کے موقع پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے مؤکل کے خلاف دائر ہونے والے تینوں ریفرنسز پر وکالت نامے احتساب عدالت میں جمع کرائے۔

احتساب عدالت نمبر ایک میں پیش ہونے کے بعد سابق وزیراعظم نے عدالت کو بتایا کہ ان کی اہلیہ کی طبیعت ٹھیک نہیں۔

جس پر احتساب عدالت کا کہنا تھا کہ ’پھر آپ جاسکتے ہیں‘۔

بعد ازاں احتساب عدالت میں کارروائی کے دوران سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث نے استدعا کی کہ ’نواز شریف کو عدالت میں پیشی سے استثنیٰ دی جائے کیونکہ وہ سابق وزیراعظم رہ چکے ہیں اور انہیں سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں‘۔

اس موقع پر نیب پراسیکیوٹرز کا کہنا تھا کہ ’نیب ریفرنسز کے حوالے سے پاکستان میں دستیاب واحد ملزم نواز شریف ہیں لہذا انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت نہ دی جائے اور نہ ہی انہیں پیشی سے استثنیٰ ملنی چاہیے‘۔

نواز شریف پنجاب واپس روانہ ہوتے ہوئے—فوٹو: اے پی
نواز شریف پنجاب واپس روانہ ہوتے ہوئے—فوٹو: اے پی

نیب پراسکیوٹرز نے نیب قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’علیل کلثوم نواز کی تیمارداری کے لیے نواز شریف کے تمام بچے لندن میں موجود ہیں لہذا انہیں وہاں جانے کی ضرورت نہیں اور ریفرنسز کا مقدمہ رکنا نہیں چاہیے‘۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی وطن واپسی: وزیر اعظم، لیگی رہنماؤں سے ملاقاتیں

جس کے بعد عدالت نے نواز شریف کے وکیل کے جانب سے پیشی سے استثنیٰ کے لیے کی جانے والی درخواست مسترد کردی۔

ادھر پنجاب ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ ’یہاں ڈکٹیٹر بھاگ جایا کرتے ہیں اور سیاسی لیڈر عوام میں رہتے ہوئے عدالتوں کا سامنا کرتے ہیں'۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ نواز شریف آج دوپہر 3 بجے پنجاب ہاؤس اسلام آباد سے پریس کانفرنس کریں گے۔

لیگی کارکنان احتساب عدالت کے باہر نواز شریف کے حق میں نعرے بازی میں مصروف ہیں—فوٹو: اے پی
لیگی کارکنان احتساب عدالت کے باہر نواز شریف کے حق میں نعرے بازی میں مصروف ہیں—فوٹو: اے پی

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نیب ریفرنسز کا سامنا کرنے کے لیے گذشتہ روز لندن سے واپس اسلام آباد پہنچے تھے۔

یہ بھی یاد رہے کہ 13 ستمبر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے بچوں حسن، حسین اور مریم نواز جبکہ داماد کپیٹن (ر) محمد صفدر کو 19 ستمبر کو طلب کیا تھا۔

تاہم 19 ستمبر کو شریف خاندان کے خلاف فلیگ شپ انویسٹمنٹ، عزیزیہ اسٹیل ملز اور لندن جائیداد سے متعلق نیب کے دائر کردہ تین ریفرنسز کی سماعت کے موقع پر شریف خاندان کا کوئی فرد پیش نہیں ہوا۔

جس کے بعد عدالت نے شریف خاندان کو 26 ستمبر کے لیے دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی تھی۔

گذشتہ سماعت کے موقع پر شریف خاندان لندن میں موجود تھا جہاں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے گلے کے کینسر کا علاج جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024