کراچی کا کون سا سینما فلم دیکھنے کیلئے بہترین؟
پاکستان کی فلم انڈسٹری بہت سی نئی فلموں کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، اور اب تو ایک ساتھ دو دو فلمیں سینما گھروں میں ریلیز کے لیے پیش کردی جاتی ہیں۔
بولی وڈ اور ہولی وڈ کو عرصے سے پسند کرنے والی پاکستانی عوام کے لیے ان کی اپنے ملک کی فلمیں کسی تازی ہوا کے جھونکے سے کم نہیں، اچھی کہانیوں، اداکار اور سینماٹوگرافی کے ساتھ بنائی گئی فلمیں سینما اسکرینز پر یقیناً شاندار نظر آتی ہیں۔
مزید پڑھیں: لا پرواہی کے شکار سینما گھر
اس کی ایک مثال حال ہی میں عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی دو فلمیں ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ اور ’نامعلوم افراد 2‘ ہے، ان دونوں ہی فلموں نے باکس آفس پر شاندار کارکردگی دکھائی۔
لیکن پاکستانی فلموں کو ملک میں فروغ دینے کے لیے سب سے اہم چیز سینما گھر ہیں، جہاں لوگ ان فلموں کو سکون سے دیکھ سکیں۔
لیکن اگر صرف کراچی کی بات کی جائے تو اس وقت شہر قائد میں بہت کم سینما گھر موجود ہیں، جس کے ٹکٹ فلموں کے حساب سے طے کیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کا تاریخی سینما نیلامی کیلئے پیش
ان سینما گھروں میں سے چند ایسے سینما ہال کی تفصیلات یہاں بیان کی جارہی ہے، جہاں زیادہ لوگ فلم دیکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
نیوپلیکس
نیوپلیکس سینما کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع ہے، جہاں زیادہ تر فلموں کے پریمیئرز بھی رکھے جاتے ہیں۔
یہاں 5 سینما تھیٹرز موجود ہیں، جن پر 2ڈی اور 3ڈی فلموں کی نمائش کی جاتی ہے۔
سینما 1 سے لے کر سینما 4 تک 2ڈی میں دکھائی جانے والی فلموں کے ٹکٹ 700 روپے میں دستیاب ہوتے ہیں، انتظامیہ کے مطابق 3ڈی فلموں کے لیے ٹکٹ کی رقم تبدیل کی گئی ہے جس کی تفصیلات کسی فلم لگنے پر بتائی جائیں گی، ماضی میں 3ڈی فلموں کا ٹکٹ 700 روپے تک ہوتا تھا۔
سینما 5 یعنی رائل سینما (royal cinema) کی بات کی جائے تو اس کے لیے 1000 روپے لیے جاتے لیکن ساتھ میں سروس چارجز 250 روپے بنتے ہیں۔
ایٹریم سینما
ایٹریم سینما کراچی کے علاقے صدر میں موجود ایٹریم مال میں ہے، جہاں سینما ڈی، اے اور بی موجود ہیں۔
ان تینوں سینما اسکرینز میں سب سے بڑی اسکرین سینما ڈی کی ہے، جبکہ اے اور بی کی اسکرینز اس کے مقابلے میں چھوٹی ہیں۔
یہاں ٹکٹس کی رقم فلموں کے وقت کے حساب سے مختلف ہیں، اگر سینما اے اور بی کی بات کی جائے تو دن سے شام تک دکھائی جانے والی 2ڈی فلموں کے ٹکٹ 400 روپے اور 3ڈی فلم کے ٹکٹ کی رقم 500 روپے ہے جبکہ رات میں دکھائی جانے والی فلموں میں 2ڈی کا ٹکٹ 500 روپے اور 3ڈی کا 600 روپے ہے، جبکہ 3ڈی چشمے 200 روپے میں فروخت کیے جاتے ہیں۔
سینما ڈی کی بات کی جائے تو دن میں دکھائی جانے والی 2ڈی فلموں کا ٹکٹ 500 روپے اور 3ڈی کا ٹکٹ 600 روپے ہے، جبکہ رات کی فلموں کے ٹکٹ بڑھ کر 600 روپے اور 700 روپے ہوجاتے ہیں۔
سنیپیکس
کراچی میں دو تلوار کے علاقے میں موجود اوشین مال میں سنیپیکس سینما کی سہولت دی گئی ہے، جہاں 3 سینما اسکرینز موجود ہیں۔
ان میں ایک سلور، دوسری گولڈ اور تیسری پلیٹینم اسکرینز ہیں۔
ان سینماز میں سلور کے ٹکٹ کی رقم 500 روپے، گولڈ کے ٹکٹ کی رقم 750 روپے اور پلیٹینم کے ٹکٹ کی رقم ایک ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
میگا ملٹی پلیکس سینما
جوہر موڑ پر موجود ملینیم مال میں کھلنے والے اس سینما کو زیادہ وقت نہیں گزرا، یہاں ٹوٹل دو سینما اسکرینز موجود ہیں، جن کے ٹکٹ کی رقم 500 روپے ہے۔
ٹکٹ آن لائن بک کرانے کی سہولت بھی موجود ہے۔
کیپری سینما
1968 میں کھلنے والا یہ سینما گھر کراچی کی اہم سڑک ایم اے جناح روڈ پر موجود ہے، جہاں 809 سیٹس موجود ہیں، اس سینما اسکرین میں لوگوں کے بیٹھنے کے لیے 3 سیکشن بنائے گئے جن کا نام سرکل، ڈریس سرکل اور گرینڈ سرکل رکھا گیا ہے۔
سرکل کی سیٹس کی رقم 200 روپے، ڈریس سرکل کی سیٹس کے ٹکٹس کی رقم 300 روپے اور گرینڈ سرکل کے ٹکٹس کی رقم 400 روپے ہے۔
ان کے علاوہ کراچی میں بمبینو اور پرنس سینما بھی موجود ہیں، جہاں سنگل اسکرین پر عوام متعدد فلموں کی نمائش دیکھ سکتی ہے۔