• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

نااہلی کیس:حنیف عباسی نےعمران خان کی ٹیکس دستاویزات عدالت میں جمع کرادیں

شائع September 23, 2017

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے رہنما حنیف عباسی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے خلاف نااہلی کیس کے سلسلے میں عمران خان کے سالانہ گوشواروں کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کروادیں۔

لیگی درخواست گزار حنیف عباسی کی جانب سے جمع کرائی گئی ان اضافی دستاویزات کا مقصد عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو جمع کرائی جانے والی مالی تفصیلات میں کی گئی غلط بیانی کی نشاندہی کرنا ہے۔

حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے عمران خان کے سالانہ گوشواروں کا حاصل کردہ ریکارڈ سپریم کورٹ میں جمع کرایا۔

درخواست گزار کی جانب سے عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 62(1)(ایف) کے تحت نااہل قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے ان اضافی دستاویزات میں کہا گیا کہ عمران خان نے گوشواروں میں اپنی سابق اہلیہ جمائمہ سے لیا گیا قرض ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی گوشواروں میں لندن فلیٹ کی فروخت سے حاصل شدہ رقم ظاہر کی گئی۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے بنی گالہ جائیداد کیلئے رقم کی تفصیلات مانگ لیں

یاد رہے کہ 12 ستمبر کو ہونے والی کیس کی آخری سماعت میں سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے بنی گالہ جائیداد کے حوالے سے دو نکات پر وضاحت طلب کی تھی۔

سماعت کے دوران جسٹس ثاقب نثار نے کہا تھا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بنی گالہ جائیداد کے لیے رقوم کی منتقلی کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا تھا کہ 1 لاکھ 26 ہزار ڈالر کی منتقلی اور ترسیلات سے متعلق تفصیلات کہاں ہیں جس سے یہ ثابت ہو سکے کہ عمران خان نے جمائما سے رقم ادھار لی اور پھر انہیں واپس کی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس:'جمائما سے لیا گیا قرض اثاثے کے طور پر لکھنا چاہیے تھا'

چیف جسٹس نے کہا تھا کہ عمران خان کو جس بینک اکاؤنٹس سے رقم حاصل اور وصول ہوئی وہ اس کی تفصیلات دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ یہ رقم جس نمائندے کو بھیجی گئی اس کا لنک بھی دیکھنا چاہتے ہیں لہٰذا بنی گالہ جائیداد کے لیے رقم کی منتقلی اور ترسیلات سے متعلق مصدقہ دستاویزات جمع کرائی جائیں۔

جس کے جواب میں عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے تفصیلات جمع کرانے کے لیے ایک دن کی مہلت مانگتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ تفصیلات عدالت میں پیش کردیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف الیکشن کمیشن (ای سی پی) میں اثاثے اور آف شور کمپنیاں ظاہر نہ کرنے سمیت بیرون ملک سے حاصل ہونے والے مبینہ فنڈز سے پارٹی چلانے کے الزامات پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔

سپریم کورٹ نے کیس کی آئندہ سماعت کے لیے 26 ستمبر کی تاریخ مقرر کر رکھی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024