• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 5:05pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 4:41pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 4:48pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 5:05pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 4:41pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 4:48pm

پاکستان،ترکی کا افغانستان کے استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

شائع September 13, 2017
ترکی کے ایک روزہ دورے میں خواجہ آصف نے صدراردوگان سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقات کی—فوٹو:دفتر خارجہ
ترکی کے ایک روزہ دورے میں خواجہ آصف نے صدراردوگان سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقات کی—فوٹو:دفتر خارجہ

وزیرخارجہ خواجہ آصف نے ترکی کے ایک روزہ دورے میں صدر رجب طیب اردوگان، وزیراعظم بن علی یلدرم اور وزیرخارجہ میولت کاؤس اوغلو سے ملاقاتیں کیں جہاں دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کے امن واستحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کا اعادہ کیا گیا۔

خواجہ آصف نے ترک صدر سے ملاقات کے دوران دو طرفہ برادرانہ تعلقات سمیت سیاسی، معاشی، دفاعی اور عوامی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا۔

اردوگان نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا عزم کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح پر تبادلہ خیال پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران افغانستان میں دیرپا امن کو خطے کے استحکام کے لیے ضروری قرار دیا اور افغانستان میں امن واستحکام کے لیے پاکستان اور ترکی کا مشترکہ جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیرخارجہ نے اس سے قبل ترک وزیراعظم بن علی یلدرم سے ملاقات کی اور اس دوران اسٹریٹجک شراکت داری پر بے مثال بہتری پر اطمینان کیا گیا۔

ترک وزیرخارجہ اور خواجہ آصف نے بھی افغانستان کے حوالے سے حالیہ صورت حال کو پیش نظر رکھتے ہوئے باہمی تعاون اور خطے میں سلامتی کے معاملات پر بحث کی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغانستان کا حل عسکری نہیں بلکہ سیاسی ہے۔

انھوں نے افغانستان کے مسائل کے حل کے لیے افغانستان کی سربراہی میں سیاسی اور پرامن اقدامات میں پڑوسی ممالک کو مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران میانمار میں روہنگیا مسلمانوں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر بھی بات کی گئی اور تشویش کا اظہار کیا گیا۔

خواجہ آصف نے کشمیریوں کی اصولی جدوجہد اور حق خود ارادیت کی حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔

وزیرخاجہ نے روہنگیا مسلمانوں کے معاملے پر ترکی کے قائدانہ کردارپر خراج تحسین پیش کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے عالمی برادری پرزور دیا کہ وہ میانمار کے متاثرین کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعاون کو مزید بڑھائے۔

کارٹون

کارٹون : 18 اپریل 2025
کارٹون : 17 اپریل 2025