2018 کے 12 دلچسپ گنیز ورلڈ ریکارڈز
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ وہ کتاب ہے جس میں ہر سال نت نئے عالمی ریکارڈز سامنے آتے ہیں، جن میں سے اکثر ایسے ہوتے ہیں جو چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دیتے ہیں۔
ایسا لگتا ہے کہ ہر گزرتے برس کے ساتھ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں تنوع آتا جارہا ہے۔
حال ہی میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا 2018 ایڈیشن سامنے آیا ہے جو پہلے سے بڑا اور بہترین نظر آتا ہے۔
اس میں شامل کچھ ریکارڈز ایسے بھی ہیں، جو آپ کو حیران ہونے یا مسکرانے پر مجبور کرسکتے ہیں۔
سب سے لمبے ناخن
ویسے دیکھنے میں تو یہ بالکل بھی اچھے نہیں لگتے مگر امریکی ریاست ہیوسٹن سے تعلق رکھنے والی ایانہ ولیمز نے دنیا کے سب سے لمبے ناخن (فی الوقت) کا گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا ہے جن کی لمبائی 10/9 انچ ہے۔
سب سے لمبی پلکیں
چین کے صوبے گوانگزو سے تعلق رکھنے والے یو جیان شیا کے حصے میں یہ عالمی ریکارڈ 4.88 انچ لمبی پلکوں کی وجہ سے آیا۔
بالوں کی انچائی
لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والے بینی ہارلیم کے بالوں کی اونچائی 20.5 انچ ہے اور دیکھنے میں دنگ کردیتی ہے کیونکہ وہ ہزاروں افراد میں بھی ان بالوں کی وجہ سے نظر آ ہی جاتے ہیں۔ ان بالوں کو سنوارنے کے لیے انہیں روزانہ دو گھنٹے نکالنے پڑتے ہیں جبکہ دروازوں سے گزرنا کسی بھیانک خواب سے کم نہیں ہوتا۔
معمر ترین باڈی بلڈر
جم ایرنگٹن نامی بزرگ کو دنیا کا معمر ترین باڈی بلڈر قرار دیا گیا ہے جس کی وجہ 83 سال 6 دن کی عمر میں بھی بطور پروفیشنل باڈی بلڈر رہنا ہے۔
سب سے لمبی دم والی بلی
مشی گن سے تعلق رکھنے والی Cygnus نامی اس بلی کی دم 17.58 انچ لمبی ہے۔
سب سے بڑی پرام یا بچہ گاڑی
اس بچہ گاڑی کی لمبائی 4 فٹ 6.3 انچ ہے اور اسے امریکی شہر شکاگو سے تعلق رکھنے والے جیمی رابرٹ اور ٹام کولٹن نے تیار کیا ہے، اور یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ درحقیقت یہ کسی بچے کے استعمال کے لیے تو نہیں لگتی۔
سر پر انٹینے والا پہلا انسان
ویسے تو برطانیہ سے تعلق رکھنے والے نیل ہاربسن نے اپنی کھوپڑی میں 2004 میں انٹینا نصب کرایا تھا تاہم اب انہیں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ 2018 ایڈیشن کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
جیلی کھانا
آنکھوں پر پٹی باندھ کر بغیر ہاتھوں کے ایک منٹ میں 1445 گرام جیلی کھا کر جرمنی سے تعلق رکھنے والے آندرے اورٹولوف نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔
کرسیوں کی ریس
دنیا میں 100 میٹر کی تیز ترین کرسیوں کی ریس کا وقت 31.92 سیکنڈ تھا اور یہ ریکارڈ بھی آندرے اورٹولوف کے نام رہا۔
سب سے زیادہ دیکھے جانے والا یوٹیوب چینل
مئی 2017 تک ریان ٹوائز ریویو نامی یوٹیوب چینیل کو 12 ارب سے زائد بار دیکھا جاچکا تھا جسے مارچ 2015 میں متعارف کرایا گیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ وہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوا۔
سب سے زیادہ ٹیڈی بیئرز
8026 ٹیڈی بیئرز کی مالک امریکا سے تعلق رکھنے والی جیکی مائلی نے یہ عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔
غبارے پھاڑنا
ویسے تو سننے میں عجیب لگتا ہے مگر ایک گھنٹے میں 910 غبارے پھاڑ کر ہنٹر ایون نے یہ انوکھا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔
تبصرے (1) بند ہیں