• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

ملک بھر میں 52ویں یومِ دفاع پاکستان کی تقاریب

شائع September 6, 2017 اپ ڈیٹ September 6, 2019
مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کے مناظر—فوٹو: ڈان نیوز
مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کے مناظر—فوٹو: ڈان نیوز

ارض پاک کے تقدس کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کے ساتھ قوم 52واں یوم دفاع بھر پور جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔

6 ستمبر ’یوم دفاعِ پاکستان‘ کے موقع پر مادر وطن کے لیے جان قربان کرنے والے شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھائے جائیں گے اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔

یوم دفاع کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوگی جس میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان نے گذشتہ روز 'یوم دفاع پاکستان' کے موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہونے والے خصوصی پروگرام کا پرومو بھی جاری کیا تھا۔

مزید پڑھیں: 'دشمن کی گولیاں ختم ہوجائیں گی، جوانوں کی چھاتیاں نہیں'

گارڈز کی تبدیلی کی تقاریب

دن کے آغاز پر مزار اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی اور رینجرز کے جوانوں نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

اس موقع پر میجرجنرل عامر نے مزار اقبال پرپھولوں کی چادرچڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف بھی اپنے بھائی میجرشبیر شریف شہید کی قبر پر حاضری کے لیے میانی صاحب لاہور پہنچے اور پھولوں کاگلدستہ رکھ کر فاتحہ خوانی کی۔

علاوہ ازیں میجر شبیر کے صاحبزادے تیمور شریف کی شرکت کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

کراچی میں بھی بابائے قوم کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی ایئروائس مارشل عمران خالد نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

اس سے قبل مزار قائد پر پاک بحریہ کے کیڈٹس گارڈ کے فرائض انجام دے رہے تھے، جن سے اصغر خان اکیڈمی کے ایوی ایشن کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے چارج لیا۔

صدر مملکت اور وزیراعظم کے پیغامات

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغامات جاری کیے جس میں مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ حکومت نے انسداد دہشت گردی کا قومی لائحہ عمل شروع کیا جس کے تحت مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کامیابی کے ساتھ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کررہے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ’بابائے قوم کے اتحاد، یقین اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں پر عمل درآمد کے ذریعے ہی دشمنوں کو شکست دی جاسکتی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تیز تر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور عالمی اقتصادی برادری میں ہمیں ایک ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کررہی ہے اور اس نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کو ثابت کیا ہے جبکہ آپریشن ضرب عضب، ردالفساد اور خیبرفور کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024