لاہور: دوستوں میں جھگڑا، فائرنگ سے ایک شخص ہلاک
لاہور میں نشے میں دھت دوستوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے نتیجے میں ہونے والی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔
لاہور کے علاقے ڈیفنس موڑ میں پیش آنے والے واقعے میں کار میں موجود تین دوستوں عظیم، عباس اور شیخ کے درمیان کسی بات پر بحث شروع ہوئی جس پر طیش میں آ کر شیخ نے مبینہ طور پر فائرنگ کر دی جس سے عظیم ہلاک اور عباس زخمی ہو گیا۔
پولیس کینٹ کے سپرنٹنڈنٹ رانا طاہر نے دعویٰ کیا کہ واقعے کے وقت تینوں دوست نشے میں دھت تھے۔
ہلاک اور زخمی افراد کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال لاہور منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ملزم جو ایک ریٹائرڈ کرنل کا بیٹا ہے، موقع واردات سے فرار ہو گیا۔ عظیم اور عباس بھی آرمی افسران کے بیٹے ہیں۔
ایس پی رانا طاہر نے کہا کہ متاثرین کے اہلخانہ نے ابھی تک مشتبہ ملزم کے خلاف کوئی شکایت درج نہیں کرائی۔