• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

وہ شہزادی جس کی شادی پر6 اورموت پر10لاکھ افراد آئے

شائع August 31, 2017
انہیں دنیا کی شہزادی کا اعزاز حاصل تھا—فوٹو: اے ایف پی
انہیں دنیا کی شہزادی کا اعزاز حاصل تھا—فوٹو: اے ایف پی

لیڈی ڈیانا صرف برطانیہ کی نہیں بلکہ پوری دنیا کی شہزادی تھیں، دنیا نے 31 اگست کو اپنی شہزادی کی بیسویں برسی منائی۔

لیڈی ڈیانا یکم جولائی 1960 کو ’نیلی آنکھوں‘ اور ’سنرے بالوں‘ کے ساتھ اس دنیا میں آئیں، اور آہستہ آہستہ لوگوں کے دلوں میں اتر گئیں۔

ڈیانا کے ساتھ لفظ ’لیڈی‘ کا اضافہ ان کے دادا نے کیا تھا، جو 1975 میں چل بسے تھے۔

ان کی آفیشل ویب سائٹ کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ زندگی کی محض 36 بہاریں دیکھنے والی اس خوبصورت شہزادی کا پیدائشی نام ڈیانا اسپینسر تھا، ان کے والد جوہن ایڈورڈ اسپینسر اور والدہ لیڈی فرانسس اسپینسر تھیں، جس وجہ سے ان پر بھی اسپینسر نام پڑا۔

ان کے والدین میں 1969 میں طلاق ہونے کے بعد وہ دونوں کے ساتھ علیحدہ علیحدہ وقت گزارتی رہیں، جب کہ ساتھ ہی ساتھ وہ اپنی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دیتی رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لیڈی ڈیانا کی انتہائی ذاتی ویڈیوز نشر نہ کرنے کا مطالبہ

شروعاتی تعلیم انگلینڈ میں حاصل کرنے کے بعد انہوں نے 1978 میں سوئٹزرلینڈ کے انسٹی ٹیوٹ آف ایلپن سے بھی تعلیم حاصل کی، مگر سوئٹزرلینڈ جانے سے ایک سال قبل 1977 میں ہی اپنی چھوٹی بہن کی پارٹی میں پہلی بار ان کی ملاقات برطانوی شہزادہ ’ چارلس ‘ سے ہوئی، جو رفتہ رفتہ گہری دوستی سے محبت میں تبدیل ہوگئی۔

لیڈی ڈیانا کی آخری رسومات کی تصاویر—اے پی
لیڈی ڈیانا کی آخری رسومات کی تصاویر—اے پی

سوئٹزرلینڈ سے واپسی کے بعد لیڈی ڈیانا نے انگلینڈ میں بچوں کی خدمات کرنے جیسے سماجی کاموں میں حصہ لینا شروع کردیا، اور ساتھ ہی شہزادے سے ملاقاتیں بھی چلتی رہیں۔

لیڈی ڈیانا اور چارلس کے درمیان 1980 تک محبت بڑھ چکی تھیں، جس وجہ سے 24 فروری 1981 کو دونوں کی مگنی کا اعلان کردیا گیا۔

اگلے 6 ماہ کے اندر دونوں نے 29 جولائی 1981 کو شادی کی، اس تقریب کو دیکھنے کے لیے روڈ کے دونون کناروں کی جانب 6 لاکھ افراد کھڑے تھے، جب کہ اسے کروڑوں افراد نے ٹی وی پر دیکھا۔

مزید پڑھیں: ڈیانا ہلاکت کے قابل اعتبار شواہد نہیں مل سکے

جس وقت لیڈی ڈیانا کی شادی ہوئی اس وقت وہ 20 سال کی بھی نہیں ہوئی تھیں، اور شہزادہ چارلس 33 سال کو پہنچنے والے تھے۔

ان کے ہاں پہلے بیٹے ’شہزادہ ولیم‘ کی پیدائش یکم جولائی 1982، جب کہ دوسرے بیٹے ’شہزادہ ہیری‘ کی پیدائش 15 ستمبر 1984 کو ہوئی۔

18 جون 1997 کو لیڈی ڈیانا امریکی دورے پر واشنگٹن پہنچیں، جہاں انہوں نے فرسٹ لیڈی ہلیری کلنٹن سے بھی ملاقات کی—فوٹو: اے ایف پی
18 جون 1997 کو لیڈی ڈیانا امریکی دورے پر واشنگٹن پہنچیں، جہاں انہوں نے فرسٹ لیڈی ہلیری کلنٹن سے بھی ملاقات کی—فوٹو: اے ایف پی

دوسرے بیٹے کی پیدائش کے کچھ ہی عرصے بعد لیڈی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کے درمیان تلخیاں بڑھیں، اور کئی سرکاری اور غیر سرکاری دوروں پر لیڈی ڈیانا اکیلی دیکھی گئیں۔

اختلافات اتنے شدید ہوگئے کہ لیڈی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کے درمیان 28 اگست 1996 کو طلاق ہوگئی، اور پھر ایک سال بعد اگست کے مہینے میں ہی 31 اگست کو لیڈی ڈیانا فرانس کے شہر پیرس میں روڈ حادثے کا شکار بنیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'ڈیانا خود بھی ایک بچے کی طرح تھیں'

لیڈی ڈیانا کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا، مگر وہ جاں بر نہ ہوسکیں، اور صبح 4 بجے چل بسیں، ان کی میت بذریعہ ہیلی کاپٹر انگلینڈ لائی گئی۔

ایک ہفتے بعد 6 ستمبر 1997 کو ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں، جس میں کم سے کم 10 لاکھ افراد نے شرکت کی، اور لاکھوں افراد نے ان کی رسومات کو ٹی وی پر براہ راست دیکھا۔

لیڈی ڈیانا دنیا کی وہ واحد شہزادی تھیں، جن کی شادی کی رسومات میں 6 لاکھ اور آخری رسومات میں 10 لاکھ افراد نے شرکت کی۔

اور گزرتے وقت کے ساتھ ان کے مداحوں اور چاہنے والی کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024