• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

مریم صفدر نے والدہ کی الیکشن مہم کا آغاز کردیا

شائع August 27, 2017

لاہور: پاناما پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیئے جانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم صفدر نے اپنے والد کی خالی نشست قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 پر ضمنی انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) کی نامزد اُمیدوار اپنی والدہ کلثوم نواز کی الیکشن مہم کا باقائدہ آغاز کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری اعلامیے کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی سبکدوشی کے بعد حلقہ این اے 120 پر ضمنی انتخابات 17 ستمبر 2017 کو ہوں گے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور خود مریم صفدر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں تصدیق کی تھی کہ لندن میں مقیم کلثوم نواز کو گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، ’جو قابل علاج ہے‘۔

مریم صفدر نے لاہور کے ماڈل ٹاؤن میں قائم وزیراعلیٰ پنجاب کے سیکریٹریٹ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے پارٹی ورکرز اور نمائندوں کے ایک اجلاس میں شرکت کی تاہم اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سیکریٹریٹ میں موجود نہیں تھے۔

یاد رہے کہ گذشتہ 4 سال سے یہ عمارت الیکشن اور دیگر ایسی ہی سرگرمیوں کے لیے مستقل طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے زیر استعمال تھی، تاہم یہ افواہیں گردش کررہی ہیں کہ انہیں مذکورہ مہم سے دور رہنے کو کہا گیا ہے یا شاید وہ اس معاملے سے خود کو دور رکھنا چاہتے ہیں جس کی وجہ سے شریف خاندان میں موجود تناؤ واضح نظر آرہا ہے۔

اس اجلاس میں مریم صفدر کے ہمراہ سابق وزیراعظم کے قریبی اور قابل اعتماد مشیر سینیٹر پرویز رشید موجود تھے، جن کی موجودگی میں سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں کو بھرپور مہم چلانے کا کہا۔

ان کی حمایت میں لگنے والے نعروں کے جواب میں مریم صفدر نے زور دیا کہ پارٹی کے ارکان کو اپنے اختلافات ختم کرکے ضمنی انتخابات میں ان کی والدہ کی کامیابی کے لیے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے حلقے میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر بھی بات کی اور متعلقہ کونسلرز، وائس چیئرمین اور چیئرمین کو ہدایات دیں کہ وہ گھر گھر جا کر عوام کے مسائل سنیں۔

اس موقع پر انہوں نے سابق رکن صوبائی اسمبلی حافظ نعمان کو مذکورہ مہم کا کنوینئر مقرر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں حلقہ این اے 120 میں آپ کے ساتھ ہوں اور ہم مل کر کلثوم نواز کی کامیابی کے لیے کام کریں گے‘ اور ساتھ ہی اپنی والدہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کے لیے بھی کہا۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ الیکشن ملک کے مستقبل کا تعین کرے گا‘۔

ذرائع کے مطابق کلثوم نواز کی حلقہ این اے 120 میں کامیابی کے باعث وہ موجودہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جگہ لیں گی۔

پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ’اپنے والد کی جانب سے الیکشن مہم کی قیادت کے فیصلے کے بعد مریم صفدر نے ایسے لوگوں کی ٹیم تشکیل دی ہے جو وزیراعلیٰ پنجاب کے مقابلے میں سابق وزیراعظم سے زیادہ قریب ہیں‘۔


یہ رپورٹ 27 اگست 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (1) بند ہیں

Mubashar Nasir Aug 27, 2017 02:57pm
May Allah grant Mrs Kalsoom Nawaz, recovery and health , the soonest. Amin.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024