• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے 4 جامعات کو داخلے دینے سے روک دیا

شائع August 24, 2017

اسلام آباد: ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے تعلیمی بے ضابطگیوں اور بد انتظامی کے باعث ملک کی 4 جامعات کو کسی بھی ڈگری پروگرام میں طلبہ کو داخلہ دینے سے روک دیا۔

ان تعلیمی اداروں میں کراچی کا پریسٹن انسٹی ٹیوٹ آف مینیجمنٹ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، لاہور کے امپیریل کالج آف بزنس اسٹڈیز اور گلوبل انسٹی ٹیوٹ اور آزاد جموں و کشمیر کی الخیر یونیورسٹی شامل ہیں۔

ایچ ای سی کے چیئرمین مختار احمد نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا، 'ہم نے ان تعلیمی اداروں پر طلبہ کو داخلے دینے پر پابندی عائد کی تھی، لیکن وہ پابندی کی خلاف ورزی کر رہے تھے، لہذا انہیں وارننگ جاری کی گئی ہے'۔

مزید پڑھیں:اعلیٰ تعلیم ایک منافع بخش کاروبار

انہوں نے کہا کہ مرکزی کیمپس کے ساتھ ساتھ ان اداروں کے ذیلی کیمپس، برانچز اور ملحقہ کالجز پر کسی بھی پروگرام میں کسی بھی سطح پر طلبہ کو ایڈمیشن دینے کی پابندی عائد ہوگی۔

ایچ ای سی چیئرمین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن کے پینل نے 2016 میں پورے ملک کی جامعات کا دورہ کیا تھا تاکہ معیار تعلیم اور انتظامی امور کا جائزہ لیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: یونیورسٹیز کو کیسے پرکھا جائے

انہوں نے بتایا کہ جن جامعات کی رپورٹ غیر اطمینان بخش تھی، انہیں اپنی خامیوں کو دور کرنے کو کہا گیا، تاہم مذکورہ 4 تعلیمی اداروں نے یاد دہانیوں کے باجود ہدایات پر عمل نہیں کیا، یہی وجہ ہے کہ انہیں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اکیڈمک پروگرامز میں طلبہ کو داخلے نہ دیں۔


یہ خبر 24 اگست 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024