• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

راجن پور: ڈاکوؤں نے 7 پولیس اہلکار اغوا کرلیے

شائع August 20, 2017

صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور کے علاقے روجھان میں ڈاکوؤں نے 7 پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا جن کی بازیابی کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد کارروائی کےلیے علاقے میں پہنچ گئی۔

کچے کے علاقے روجھان میں صبح کے وقت پولیس اہلکار کشتی کے ذریعے ڈیوٹی سے واپس آرہے تھے، ان میں ایک اے ایس آئی، ایک سپاہی کے علاوہ ایلیٹ فورس کے 4 اہلکار شامل ہیں، تاہم ان کے اور پولیس حکام کے درمیان رابطہ منقطع ہوگیا۔

جس کے بعد یہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ انہیں ڈیوٹی سے واپسی پر کچے کے علاقے میں موجود ڈاکوؤں نے اغوا کرلیا ہے۔

مزید پڑھیں: راجن پور:گینگسٹرز سے جھڑپیں،25 اہلکار لاپتہ

پولیس ذرائع کے مطابق مغوی اہلکاروں میں سے ایک کا تعلق ڈی جی خان، ایک کا تعلق مظفر گڑھ اور دیگر 5 کا تعلق روجھان سے ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکوں نے اپنے ساتھیوں کی بازیابی کے لیے پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا۔

ادھر سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) عتیق طاہر کا کہنا تھا کہ انہیں پولیس اہلکاروں کے اغوا کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اہلکاروں کی بازیابی کے لیے پولیس کی ٹیم کو روانہ کردیا گیا ہے جو ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کرے گی تاکہ اہلکاروں کو بازیاب کرایا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: چھوٹو گینگ کے بعد راجن پور میں 5 گروہ سرگرم

خیال رہے کہ کچھ عرصے قبل سیکیورٹی اداروں نے کچے کے علاقے میں کارروائی کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کیا تھا اور ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں نے ان افراد کی رہائی کے لیے پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ کچے کے علاقے میں اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں ڈاکو پولیس اہلکاروں کو اغوا کرکے لے جاتے ہیں تاہم بعد ازاں ان کی رہائی مذاکرات کے ذریعے ممکن بنائی جاتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024