ایفی ڈرین کیس:حنیف عباسی سے بینک اکاؤنٹس،اثاثوں کی تفصیلات طلب
سابق رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے ایفی ڈرین کیس کی ازسرنو تحقیقات شروع کرنے کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔
اینٹی نارکوٹکس فورس نے حنیف عباسی اور ان کے اہلخانہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اہل خانہ سمیت تمام بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ حنیف عباسی اور ان کے اہلخانہ اپنے تمام اثاثوں کی تفصیلات فراہم کریں۔
نوٹس میں اے این ایف نے حنیف عباسی اور ان کے اہل خانہ کو بغیر اجازت رقم کی منتقلی سے بھی روک دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایفی ڈرین کیس: ن لیگ کے حنیف عباسی پر فرد جرم عائد
اے این ایف نے حنیف عباسی اور ان کے اہل خانہ سے بینک ٹرانزیکشن کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں اور ان سے قرضوں، سرمایہ کاری اور انشورنس کمپنیوں کو ادائیگیوں یا پریمیم سے متعلق بھی معلومات فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔
نوٹس کے ذریعے انہیں مزید کہا گیا ہے کہ ایک لاکھ سے زائد کے بینک ٹرانزیکشنز چیک، بینک ڈرافٹ، ٹیلی گرافک ٹرانسفر لیٹر اور بینک چیک بک سیریل نمبر سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے اور غیر ملکی ترسیل زر کی صورت میں متعلقہ معلومات بھی فراہم کی جائیں۔
مزید پڑھیں: ایفی ڈرین کیس: حنیف عباسی کی درخواست ضمانت منظور
حنیف عباسی نے نوٹس ملنے کے بعد بینک اکاؤنٹس اور دیگر معلومات فراہم کرنے کے حکم کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
لیگی رہنما کے وکیل نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ایفی ڈرین کیس کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں، صرف ایک گواہ کا بیان قلمبند ہونا باقی ہے لہٰذا کیس کو دوبارہ کھولنا موکل کو پریشان کرنے کے مترادف ہے۔