’تیمور گھر سے باہر کام کرنے والی خواتین کی عزت کرے گا‘
بولی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان اپنے پہلے بیٹے تیمور علی خان کی پیدائش سے اب تک میڈیا کی سرخیوں میں اِن ہیں، اس کی وجہ ان کا شاندار اسٹائل اور جم جاکر ایکسرسائز ہے۔
کرینہ کپور خان نے ووگ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ماں بننے کے بعد اپنے کیریئر کے حوالے سے بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میں اب ایک ماں ہوں اور میں کام بھی کرتی ہوں، تو یقیناً آپ اس بات کو سمجھ سکتے ہیں کہ میں آج کی خواتین کی نمائندگی کررہی ہوں، میرے خیال میں میرے بہت سے مداح مجھے اسٹائلش سمجھتے ہیں، اس لیے میں بہت سوچ سمجھ کر اسٹائلنگ کرتی ہوں‘۔
یہ بھی پڑھیں: ’جِم اب نیا ریڈ کارپٹ بن گیا ہے‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’تیمور کی پیدائش کے بعد سے میرا وقت اچھا گزر رہا ہے، میں دن میں کام کرتی ہوں،اور انتظار کرتی ہوں کہ گھر جاکر اپنے بیٹے سے ملوں، کچھ خواتین پورے دن گھر میں رہ سکتی ہیں، لیکن اہم یہ ہے کہ وہ فوکس رہیں اور اپنا وقت ضائع نہ کریں‘۔
اپنے کام کے حوالے سے اداکارہ نے بتایا کہ ’اگر آپ وہ کام کررہے ہیں جس سے آپ کو خوشی ملتی ہے تو یہ اچھی بات ہے، مجھے اداکاری کرنے کا جنون ہے اور میں جب شوٹنگ پر جاتی ہوں تو مجھے اور اچھا لگتا ہے، خواتین ایک وقت میں بہت سے کام کرنے کی ماہر ہیں‘۔
ماں بننے کے بعد زندگی میں آنے والی تبدیلی کے حوالے سے کرینہ کپور نے بتایا کہ ’یہ ایک بہترین تجربہ ہے، اس دنیا میں میرا اور سیف کا ایک حصہ موجود ہے اور وہ میری ذمہ داری ہے، میں اسے نئی نئی چیزیں دکھاؤں اور سکھاؤں گی‘۔
مزید پڑھیں: کرینہ کپور بیٹے کو روزانہ کتنی بار چومتی ہیں؟
کرینہ نے یہ بھی کہا کہ ان کا بیٹا تیمور علی خان ایک ایسے گھرانے میں تربیت حاصل کررہا ہے جہاں تمام خواتین کام کرتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’تیمور ایک کام کرنے والی ماں کے ساتھ بڑا ہورہا ہے، میری بہن یعنی تیمور کی خالا بھی ورکنگ ویمن ہے، میری والدہ اور میری ساس دونوں ہی ورکنگ ویمن ہیں، اس لیے وہ ایسے ماحول میں تربیت حاصل کررہا ہے اور یقیناً وہ گھر سے باہر کام کرنے والی خواتین کی عزت کرے گا، تیمور کی نینی (آیا) ایک بہترین ورکنگ ویمن ہیں جو تیمور کا خیال بھی رکھتی ہیں، تو یقیناً 7 ماہ سے ہی وہ اتنی طاقتور خواتین کو دیکھ رہا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: کرینہ اور سیف کے بیٹے سے متعلق 4 دلچسپ باتیں
خیال رہے کہ سیف اور کرینہ کپور کی شادی 2012 میں ہوئی تھی، یہ کرینہ کپور کی پہلی شادی جبکہ سیف علی خان کی دوسری شادی ہے۔
ان دونوں کے ہاں گزشتہ سال دسمبر میں پہلے بیٹے تیمور علی خان کی پیدائش ہوئی۔