امریکی وزیرخارجہ کی یوم آزادی پاکستان کی مبارک باد
امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے اپنے پاکستانی ہم منصب خواجہ آصف کو فون کرکے امریکی عوام کی جانب سے پاکستان کے یوم آزادی کی مبارک باد دیتےہوئے دورے کی دعوت دے دی۔
دفتر خارجہ کےترجمان کے مطابق ریکس ٹیلرسن نے خواجہ آصف کو امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستانیوں کو تہنیتی پیغام پہنچایا۔
انھوں نے خواجہ آصف کو پاکستان کا وزیرخارجہ بننے پر بھی مبارک باد دی اور ان کے ساتھ مل مشترکہ مقاصد حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
وزیر خاجہ خواجہ آصف نے پاکستان کے 71 ویں یوم آزادی کے موقع پر فون کرکے مبارک باد دینے پر ٹیلرسن کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان طویل تاریخی تعلقات کی یاد دہانی کرادی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا، پاکستان کے ترقی کے سفر میں معاشی اور دفاعی دونوں میں حصہ دار رہا ہے۔
پاکستان کے وزیرخارجہ نے کہا کہ وہ اپنے عہدے کے وساطت سے امریکا کے ساتھ شراکت داری کے عمل کو مزید مضبوط کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ قیادت امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان میں امن قائم ہونے سے پاکستان کو فائدہ ہوگا اور پاکستان کی ترقی کا انحصار افغانستان کے امن سے ہے۔
امریکی وزیرخارجہ ٹیلرسن نے رابطوں کو بحال رکھنے کے لیے خواجہ آصف کو امریکا کے دورے کی دعوت دی۔
دوسری جانب خواجہ آصف نے بھی ٹیلرسن کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جس کو انھوں نے قبول کر لیا۔