یوم آزادی پر پاک-بھارت قومی ترانوں کی مشترکہ ویڈیو
یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی اور ہندوستانی گلوکاروں نے ایک دوسرے کے قومی ترانے گاکر سب کو حیران کردیا۔
یہ اقدم ایک سوشل میڈیا پیج 'وائس آف ریم' کی جانب سے اٹھایا گیا، جس میں پاکستان اور ہندوستان کے 13 فنکاروں نے حصہ لیا، جس کا مقصد سرحد کے دونوں جانب محبت اور امن و آشتی کو پروان چڑھانا ہے۔
اس گانے کا آغاز ان الفاظ کے ساتھ ہوتا ہے، 'جب ہم فن کے لیے سرحدیں کھولتے ہیں تو امن ساتھ آتا ہے'۔
ویڈیو کے شروع میں پاکستانی ترانہ اور پھر ہندوستانی ترانہ شامل ہے، جس میں پاکستانی گلوکاروں نتاشا بیگ، جے علی، ایلسیا دیاس اور ذیشان علی نے پرفارم کیا۔
انٹرنیٹ پر وائرل اس ویڈیو کو لوگوں نے بہت پسند کیا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
'وائس آف ریم' کے بانی، فلمساز اور سماجی کارکن رام سبرامانین نے کیچ نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 'میں نے یہ ویڈیوز بنانے کا فیصلہ اس وجہ سے کیا کیونکہ بہت سے لوگ امن کے بارے میں بات کرنے سے کتراتے ہیں اور یہ بالکل غیر منطقی خوف ہے، میرے لیے یہ ویڈیوز ایک نئی شروعات اور امن کی جانب ایک چھوٹا سا قدم ہے'۔
مزید پڑھیں: بھارتی بینڈ کا پاکستانیوں کیلئے 'قومی ترانے' کا تحفہ
گذشتہ ہفتے بھی انڈین بینڈ واکس کورڈ نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستانیوں کے لیے ان کا قومی ترانہ بطور تحفہ گایا تھا، جسے بہت پذیرائی ملی تھی۔