ٹوائلٹ ایک پریم کتھا اچھا تاثر جمانے میں ناکام
اگر کہا جائے کہ رواں سہ ماہی بولی وڈ کے لیے رواں برس کی ناکام ترین سہ ماہی ہے تو کچھ غلط نہ ہوگا، کیوں کہ گزشتہ 3 ماہ سے کوئی بھی فلم ہٹ ثابت نہیں ہوئی۔
ویسے تو رواں برس کی تمام فلمیں شائقین کو اتنا متاثر کرنے میں کامیاب نہیں ہوئیں، جتنی ان سے توقع کی جا رہی تھی، تاہم جون سے لے کر اگست تک بڑے بڑے اداکاروں کی فلمیں بھی شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔
بولی وڈ سلطان سلمان خان کی ٹیوب لائٹ، کنگ خان شاہ رخ خان کی جب ہیری میٹ سیجل اور چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کی جگا جاسوس کے بعد کھلاڑی ہیرو اکشے کمار کی فلم ٹوائلٹ ایک پریم کتھا بھی اچھا بزنس کرنے میں ناکام رہی۔
یہ بھی پڑھیں: ’ٹوائلٹ ایک پریم کھتا‘ کی تشہیر میں بولی وڈ سرگرم
ٹوائلٹ ایک پریم کتھا 11 اگست کو ریلیز کی گئی، اور ابتدائی 2 دن میں فلم بھارت بھر میں مجموعی طور پر 30 کروڑ 20 لاکھ روپے کا بزنس کرسکی۔
ٹوائلٹ ایک پریم کتھا کے 2 دنوں کی کمائی سلمان خان کی ٹیوب لائٹ اور شاہ رخ خان کی جب ہیری میٹ سیجل سے بھی کم ہے، جب کہ اس فلم کا بزنس اکشے کمار کی اس سے قبل آنے والی آخری فلم جولی ایل ایل بی 2 سے بھی کم ہے۔
مزید پڑھیں: ٹوائلٹ ایک پریم کتھا میں اکشے کمار نے کیوں کام کیا؟
رواں برس جون کے آخر میں ریلیز ہونے والی سلو بھائی کی ٹیوب لائٹ نے ابتدائی 2 دن میں ریکارڈ بزنس 42 کروڑ 32 لاکھ بھارتی روپے کمائے تھے۔
اس کے بعد 4 اگست کو ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی جب ہیری میٹ سیجل 2 دن میں 30 کروڑ 25 لاکھ، جب کہ 11 اگست کو اکشے کمار کی آنے والی فلم ٹوائلٹ ایک پریم کتھا نے 30 کروڑ 20 لاکھ روپے کمائے۔
یہ بھی پڑھیں: رفع حاجت کے مسئلے پراکشے کمار کی فلم
اس سے پہلے اکشے کمار کی آخری آنے والی فلم جولی ایل ایل بی 2 نے ابتدائی 2 دن میں 30 کروڑ 51 لاکھ روپے کمائے تھے۔
یوں حالیہ سہ ماہی میں پاکستانی اداکاروں عدنان صدیقی اور سجل علی کی سری دیوی کے ساتھ آنے والی بولی وڈ فلم موم، رنبیر کپور اور کترینہ کیف کی جگا جاسوس، نواز الدین صدیقی اور ٹائگر شروف کی منا مائیکل، اندو سرکار، لپ اسٹک انڈر مائے برقعہ، ٹیوب لائٹ اور جب ہیری میٹ سیجل کے بعد ٹوائلٹ ایک پریم کتھا بھی شائقین میں اچھا تاثر جمانے میں ناکام ہوگئی۔