بٹ کوائن کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ
ورچوئل کرنسی بٹ کوائن کی جانب سے ریکارڈ بنانے کا سلسلہ جاری ہے اور اب پہلی بار اس نے 3500 ڈالرز کی حد کو عبور کرلیا ہے۔
اس وقت دنیائے انٹرنیٹ کی اس کرنسی کے ایک یونٹ یا یوں کہہ لیں کہ ایک روپے کی قیمت 3566 ڈالرز (3 لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد) پر پہنچ چکی ہے۔
یعنی ایک بٹ کوائن سے ساڑھے سات سے 8 تولے تک سونا خریدا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں : بٹ کوائن کی قیمت پہلی بار 3 ہزار ڈالرز سے تجاوز
اس کرنسی کی قیمت میں رواں ہفتے کے دوران 24 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے حالانکہ اسے چند دنوں قبل دو حصوں میں بھی تقسیم کیا گیا تھا اور دوسری کرنسی کو بٹ کوائن کیش کا نام دیا گیا، مگر پھر بھی اس کی قیمت تیزی سے اوپر جارہی ہے۔
مزید پڑھیں : ایک بٹ کوائن 5 تولے سونے سے بھی مہنگا
بٹ کوائن کی مارکیٹ ویلیو اس وقت 55 سے 60 ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بٹ کوائن کی قیمت گزشتہ سال مئی میں صرف 443 ڈالرز تھی اور ایک سال میں اتنا اضافہ حیران کن ہے۔
یہ بٹ کوائن کے لیے ایک سنگ میل ہے کیونکہ اسے ڈیجیٹل گولڈ بھی قرار دیا جاتا ہے۔
کسی حقیقی کرنسی کے مقابلے میں بٹ کوائنز ہر طرح کے ضابطوں یا حکومتی کنٹرول سے آزاد ہے اور اس کا استعمال بہت آسان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایک بٹ کوائن 5 تولے سونے سے بھی مہنگا
اس وقت اسے متعدد ممالک جیسے کینیڈا، چین اور امریکا وغیرہ میں استعمال کیا جارہا ہے تاہم دنیا میں انٹرنیٹ تک رسائی رکھنے والا ہر شخص اس کرنسی کو خرید سکتا ہے۔
اس کرنسی کی لین دین کے لیے صارف کا لازمی طور پر بٹ کوائن والٹ اکاؤنٹ ہونا چاہئے جسے بٹ کوائن والٹ اپلیکشن ڈاؤن لوڈ کرکے بنایا جاسکتا ہے۔ والٹ اکاؤنٹس کو پے پال، کریڈٹ کارڈز یا بینک اکاؤنٹس وغیرہ کے ذریعے بٹ کوائنز خریدنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ مائیکروسافٹ سمیت انٹرنیٹ پر کام کرنے والی سینکڑوں کمپنیاں بٹ کوائنز کو قبول کرتی ہیں، جن میں سوشل گیمنگ سائٹس جیسے زینگا، بلاگ ہوسٹنگ ویب سائٹس جیسے ورڈ پریس اور آن لائن اسٹورز جیسے ریڈیٹ اور اوور اسٹاک ڈاٹ کام وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
اس وقت دنیا بھر میں لاکھوں بٹ کوائن گردش کررہے ہیں۔