• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سندھ احتساب آرڈیننس صوبے بھر میں نافذ

شائع August 10, 2017

کراچی: حکومت سندھ کے محکمہ قانون نے احتساب آرڈیننس 1999 کا اطلاق ختم کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے بعد سندھ احتساب آرڈیننس کو قانون کی صورت میں نافذ کردیا گیا۔

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیر قانون سندھ ضیاء لنجار نے بتایا کہ سندھ اسمبلی سے منظور شدہ بل اب ایکٹ بن چکا ہے اور قانون بننے کے بعد صوبائی محکموں میں نیب کا کردار ختم ہوگیا ہے۔

صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ صوبائی احتساب ایجنسی خود مختار ادارہ ہوگا، جس کے قیام کے بعد صوبے میں بدعنوانی پر قابو پایا جاسکے گا۔

ضیاء لنجار نے بتایا کہ سندھ اسمبلی نے ایکٹ کی چھپائی کے احکامات جاری کردیے جبکہ نئے قانون کے اطلاق کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب)، سندھ کے صوبائی محکموں میں کرپشن کی تحقیقات نہیں کرسکے گا۔

واضح رہے کہ نیب قوانین کے خاتمے کا بل وزیر قانون سندھ ضیاء لنجار نے رواں سال 3 جولائی کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا تھا۔

مزید پڑھیں: اپوزیشن کے بغیر سندھ اسمبلی میں سندھ احتساب بل پھر منظور

سندھ اسمبلی میں حکومت نے 'نیب آرڈیننس سندھ 1999' منسوخی کا بل اپوزیشن کے شدید احتجاج کے باوجود منظور کیا تھا جس کے بعد اسے قانون کا درجہ دینے کی غرض سے توثیق کے لیے گورنر سندھ کو بھیجا گیا، تاہم گورنر سندھ محمد زبیر نے بل پر اعتراض کرتے ہوئے اس کی توثیق سے انکار کردیا تھا۔

گورنر سندھ نے بل پر اعتراض لگایا تھا کہ نیب قوانین کا خاتمہ عوامی مفاد سے متصادم ہے، انہوں نے سندھ اسمبلی کو بل کا دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی تھی۔

بعد ازاں 26 جولائی 2017 کو پی پی پی کی صوبائی حکومت نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کے بغیر سندھ نیب آرڈیننس کا خاتمہ کرکے سندھ احتساب بل کو گورنر کے اعتراضات کے باوجود ایک مرتبہ پھر منظور کرلیا جبکہ اپوزیشن نے سندھ احتساب بل کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کو سندھ میں کرپشن پرکارروائی کااختیارنہیں ہوگا، بل منظور

یاد رہے کہ اسمبلی قانون کے تحت اگر گورنر کسی بل پر دستخط نہیں کرتے اور اسے دوبارہ ایوان میں پیش کرنے پر منظوری مل جائے تو یہ قانون بن جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: گورنرسندھ کا نیب آرڈیننس کے خاتمے کے بل کی توثیق سے انکار

نیب آرڈیننس منسوخی بل کی منظوری کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) سندھ میں صوبائی حکومت کے ماتحت اداروں اور افسران کے خلاف کارروائی نہیں کرسکے گا تاہم نیب کو سندھ میں صرف وفاقی اداروں کے حکام کے خلاف کارروائی کا اختیار ہوگا۔

نئے قانون کے مطابق سندھ میں بدعنوانی پر کارروائی محکمہ اینٹی کرپشن کرے گا اور نیب کو کسی کارروائی کا قانونی اختیار نہیں ہوگا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Naveed Chaudhry Aug 10, 2017 07:58pm
Assalam O Alaikum, Another example of diffrent law for haves and havenots. PPP is proving how corrupt they are.

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024