’جِم اب نیا ریڈ کارپٹ بن گیا ہے‘
بولی وڈ اداکارہ کرینہ کپور جہاں بھی جاتی ہیں، فوٹوگرافرز ان کی تصاویر لینے کے لیے پیچھے پیچھے موجود رہتے ہیں اور ایسا ہی کچھ اب جم میں بھی ہورہا ہے جہاں وہ اپنے بیٹے تیمور کی پیدائش کے بعد سے ورزش اور خود کو فِٹ رکھنے کے لیے جاتی ہیں۔
اس حوالے سے بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ 'جم اداکاروں کو دیکھنے کی نئی جگہ بن گیا ہے'۔
مزید پڑھیں: آئیفا ایوارڈز: اڑتا پنجاب اور نیرجا نے میلہ لوٹ لیا
بگ ذی انٹرٹینمنٹ ایوارڈز کی تقریب کے موقع پر عالیہ کا مزاحیہ انداز میں کہنا تھا، ’جم اب نیا ریڈ کارپٹ ہے، مجھے لگتا ہے ہمیں بس وہاں جانا چاہیے اور مختلف انداز اور پوز کے ساتھ تصاویر بنوانی چاہئیں اور ساتھ میں تھوڑی بہت ورزش کرلینی چاہیے، میرے خیال سے جِم اب ہمارا ریڈ کارپٹ ہے‘۔
کرینہ کپور خان کی جم جانے اور ان کی مختلف انداز سے لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر اکثر وائرل رہتی ہیں، جب عالیہ بھٹ سے کرینہ کے جم آنے کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ بہترین انداز میں ورزش کرتی ہیں۔
اب عالیہ نے یہ سب کچھ طنزیہ انداز میں کہا یا واقعی وہ کرینہ کی تعریف کررہی تھیں، یہ تو وہی بتا سکتی ہیں۔
اگر بات اس ایوارڈ شو کے حوالے سے کی جائے تو عالیہ بھٹ کو اس ایونٹ میں اپنی فلم ’اڑتا پنجاب‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: 'اڑتا پنجاب' پر ایوارڈ نہ ملا تو دکھ ہوگا، عالیہ
خیال رہے کہ فلم ’اڑتا پنجاب‘ میں عالیہ بھٹ اور کرینہ کپور خان نے پہلی مرتبہ ایک ساتھ کام کیا تھا۔
اس فلم میں عالیہ نے ایک بہاری لڑکی کا کردار ادا کیا جبکہ کرینہ کپور ایک ڈاکٹر بنی تھیں، جو پنجاب میں منشیات کے استعمال کو روکنے کے لیے سرگرم تھیں۔
عالیہ بھٹ کی اگلی فلم ’راضی‘ کی شوٹنگ کا آغاز جلد ہوگا، فلم اگلے سال 11 مئی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔