• KHI: Asr 4:53pm Maghrib 6:31pm
  • LHR: Asr 4:17pm Maghrib 5:56pm
  • ISB: Asr 4:19pm Maghrib 5:59pm
  • KHI: Asr 4:53pm Maghrib 6:31pm
  • LHR: Asr 4:17pm Maghrib 5:56pm
  • ISB: Asr 4:19pm Maghrib 5:59pm
شائع August 3, 2017 اپ ڈیٹ August 5, 2017

دنیا کے سب سے حیران کن قصبے

فیصل ظفر



ہماری زمین کا ہر شہر اور قصبہ اپنی جگہ منفرد ہے، مگر کچھ جگہیں ایسی ہیں یا اتنی غیرمعمولی ہیں کہ یہ یقین کرنا مشکل ہوجاتا ہے کہ ہمارے سیارے میں ایسے مقامات بھی ہوسکتے ہیں۔

یہاں ایسے ہی عجیب و غریب قصبوں کے بارے میں جانیں جو آپ کو دنگ کریں گے۔

وہ قصبہ جہاں مرنے کی اجازت نہیں

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

لانگایربین، یورپی ملک ناروے میں واقع ہے، یہ وہ جگہ ہے جہاں کسی کو سرکاری طور پر مرنے کی اجازت نہیں۔ اس قصبے میں قبرستان تو ہے مگر اسے 70 برسوں سے استعمال نہیں کیا گیا اور یہاں لوگوں کو مرنے کی اجازت نہ دینے کی وجہ یہاں کا موسم ہے جو کہ اتنا سرد ہے کہ مردہ جسم ڈی کمپوز نہیں ہوتے اور جنگلی جانور قصبے پر دھاوا بول دیتے ہیں، یہاں قریب المرگ افراد کو طیارے کے ذریعے ناروے کے دیگر علاقوں میں منتقل کردیا جاتا ہے۔

دو ممالک میں شامل قصبہ

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

ویسے تو متعدد قصبے دو ممالک کا حصہ ہیں مگر جس کا ذکر ہم کررہے ہیں وہ سب سے غیرمعمولی ہے۔ Büsingen am Hochrhein سوئٹزرلینڈ اور جرمنی دونوں کا حصہ ہے، معاشی طور پر یہ سوئٹزرلینڈ کا حصہ ہے جبکہ انتظامی طور پر جرمنی کا حصہ ہے۔ اسی طرح یہ واحد جرمن قصبہ ہے جہاں سوئس فرانک کو مرکزی کرنسی کی حیثیت حاصل ہے، جبکہ دو پوسٹل کوڈز ہیں، ایک سوئس اور ایک جرمن، یہاں کے شہریوں کو سوئس اور جرمن دونوں فون نمبر ملتے ہیں، جبکہ یہاں کی فٹبال ٹیم واحد ٹیم ہے جو سوئس چیمپئن شپ کا حصہ بنتی ہے۔

'جہنم'

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

امریکی ریاست مشی گن میں ایک قصبے کا نام Hell یعنی جہنم ہے, اگرچہ اس کی وجہ واضح نہیں مگر یہاں کے رہائشی اس نام پر خوش ہیں۔

چینی 'آسٹرین' قصبہ

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

چینی افراد کو دنیا کی ہر چیز کی نقل کرنے کی صلاحیت میں سب سے آگے مانا جاتا ہے اور ان میں پورے، پورے قصبے بھی شامل ہیں۔ ایک بار انہوں نے فیصلہ کیا کہ آسٹریا جائے بغیر وہاں کے مشہور قصبے 'ہال اسٹیٹ' کی سیر کا موقع مل سکے تو اسے اپنے ملک میں تعمیر کرلیا، دلچسپ بات یہ ہے کہ اس چینی 'آسٹرین' قصبے کی زمین آسٹریا کے قصبے کے مقابلے میں زیادہ مہنگی ہے۔

غاروں کے اندر چھپا قصبہ

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

تیونس کا یہ قصبہ ماٹ ماٹا (Matmata) اپنی نوعیت کا منفرد قصبہ ہے جہاں کے بیشتر رہائشی زیرزمین غاروں مین رہتے ہیں، یہاں سطح زمین پر بھی کچھ گھر ہیں مگر بیشتر افراد روایتی غاروں میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

ایک ہی عمارت میں قائم قصبہ

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

امریکی ریاست الاسکا کا ایک چھوٹا سا قصبہ وائٹٹائیر جسے ' ٹاﺅن انڈر ون روف' بھی کہا جاتا ہے۔ یہ قصبہ کافی چھوٹا ہے اور یہاں کی آبادی 217 نفوس پر مشتمل ہے جبکہ یہاں تک رسائی کشتی یا ایک سرنگ کے ذریعے ممکن ہے، مگر یہ باعث حیرت نہیں بلکہ اس کی انفرادیت یہ ہے کہ یہاں رہنے والے لگ بھگ تمام افراد ایک ہی عمارت بیگیچ ٹاورز کے اندر رہتے ہیں جو سرد جنگ کے عہد کی ایک فوجی بیرک ہے جس کی تعمیر 1974 میں ہوئی۔

نیلا قصبہ

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

مراکش کا یہ خوبصورت قصبہ شفشاون، اسی نام کے صوبے میں واقع ہے اور یہاں کی انفرادیت اس کی تمام عمارتوں پر نیلا رنگ ہے اور اسی لیے یہ نیلے شہر کے نام سے زیادہ مشہور ہے۔ اس شہر کی ہر عمارت اور در و دیوار پر نیلا رنگ دراصل یہودی رواج کی یادگار ہے جو صدیوں پہلے یہاں سے چلے گئے تھے لیکن بعد میں آنے والوں نے یہ سلسلہ برقرار رکھا اور آج تک اس شہر میں بننے والے ہر گھر، ہر دکان، ہر مکان، یہاں تک کہ گملوں اور کھمبوں تک پر نیلا رنگ ہی کیا جاتا ہے۔

ایلینز کا قصبہ

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

نیو میکسیکو کے قصبے روزویل کے باسیوں کا دعویٰ ہے کہ 1947 میں یہاں ایک اڑن طشتری گر کر تباہ ہوگئی تھی، اس بات کو کچھ لوگ درست مانتے ہیں اور کچھ نہیں، تاہم اس کے بعد سے اس قصبے کو ایلین سٹی کی حیثیت سے شہرت ضرور مل گئی۔ یہاں خلائی مخلوق کی تھیم پر فیسٹیولز کا انعقاد ہوتا ہے جبکہ میکڈونلڈ کے ریسٹورنٹ کو بھی ایلین کی تصاویر سے سجایا جاتا ہے۔

گہرے سمندر میں بسا قصبہ

فوٹو بشکریہ baku.az/انسٹاگرام پیج
فوٹو بشکریہ baku.az/انسٹاگرام پیج

آئل راکس کے نام سے آذربائیجان میں ایک صنعتی قصبہ قائم کیا گیا ہے جو کہ کھلے سمندر میں ایک آئل فیلڈ کے اوپر دھاتی پلیٹ فارم پر تعمیر کیا گیا۔ یہاں دو ہزار افراد کام کرتے ہیں تاہم رہنے والوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔

وہ قصبہ جہاں مُردوں کی تعداد زندوں سے زیادہ

فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا
فوٹو بشکریہ وکی پیڈیا

امریکی ریاست کیلیفورنیا کا قصبہ کولما 17 قبرستانوں کا گھر ہے اور وہاں اوسطاً ایک زندہ شخص کے مقابلے میں ایک ہزار مردہ افراد موجود ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ قریب موجود شہر سان فرانسسکو کے تمام قبرستانوں میں موجود میتوں کو یہاں منتقل کردیا گیا تھا اور اب یہاں صرف گورکن، پھول فروش اور قبروں کی یادگاریں بنانے والے ہی مقیم ہیں۔

تبصرے (9) بند ہیں

Ghulam Ali Aug 03, 2017 10:11am
well done
niceKamal Aug 03, 2017 10:26am
nice
بشرا خالد Aug 03, 2017 01:48pm
بہت زبردست تحریر ہے
Read All Comments