• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

نئی کابینہ کیلئے نومنتخب وزیراعظم کی نواز شریف سے مشاورت

شائع August 2, 2017

مری: نو منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی کابینہ کے ارکان کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لیے اپنے پیش رو اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف سے مری میں ملاقات کے دوران مشاورت کی۔

ذرائع کے مطابق مری میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے جاری اجلاس میں کابینہ کے ارکان کے ناموں کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی جس کے بعد کابینہ کے ارکان کی حلف برداری تقریب کل بروز جمعرات (3 اگست) تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ نئی کابینہ کے ارکان ممکنہ طور پر آج (بدھ) کو شام ساڑھے 5 بجے اسلام آباد میں حلف اٹھائیں گے اور صدر مملکت ممنون حسین کابینہ کے ارکان سے حلف لیں گے، ان ارکان کے حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ کابینہ میں زیادہ تر سابق ارکان کو شامل کیا جائے گا۔

تاہم یہ توقع کی جارہی ہے کہ شاہد خاقان عباسی کی کابینہ کے ارکان کی تعداد اپنے پیش رو سے کم ہوگی۔

یہ اب تک واضح نہیں ہوسکا کہ کیا سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نئی کابینہ کا حصہ ہوں گے یا نہیں، جنہوں نے گذشتہ ہفتے اپنی پریس کانفرنس میں پارٹی ارکان اور ان کے درمیان کشیدگی کا انکشاف کیا تھا۔

نواز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان مری میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی موجود تھے جو ممکنہ طور پر قومی اسمبلی میں اپنے بھائی کی خالی نشست پر حلقہ 120 پر انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔

شہباز شریف کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنما بھی مری میں ہونے والی پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے اجلاس میں موجود تھے۔

’کابینہ ایک، دو روز میں حلف اٹھالے گی‘

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نومنتخب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ’ نواز شریف سے ملاقات ہوئی، نواز شریف کی نااہلی کے بعد بھی مسلم لیگ (ن) اکٹھی رہی اور جمہوریت کے تسلسل کو 4 دن میں بھاری اکثریت سے بحال کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ملاقات میں نواز شریف نے حکومتی پالیسیوں کو برقرار رکھنے اور جاری منصوبوں کو مزید تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی، تاکہ ہم دنیا کو بتا سکیں کہ وزیر اعظم کو تبدیل ہوسکتا ہے لیکن پالیسیاں برقرار رہتی ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ملاقات میں نئی کابینہ سے متعلق بھی مشاورت ہوئی، اگلے ایک دو دن میں کابینہ حلف اٹھا لے گی، پارٹی کے امور پر بھی مشاورت کی گئی اور مسلم لیگ (ن) حلقہ این اے 120 میں بھی اور آگے جو سیاسی مراحل آئیں گے پہلے سے بھی زیادہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔‘

نئی کابینہ میں حلف اٹھانے والوں کے قلمدانوں سے متعلق سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ’اس حوالے سے ابھی مشاورت جاری ہے، جبکہ این اے 120 کے امیدوار کے حوالے سے بھی ابھی مشاورت جاری ہے اور اس سے متعلق بھی جلد فیصلہ ہوجائے گا۔‘

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 120 کی یہ نشست سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما پیپرز کیس میں نواز شریف کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی اور الیکشن کمیشن نے مذکورہ نشست پر 17 ستمبر کو الیکشن کرانے کا شیڈول جاری کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے گذشتہ روز قومی اسمبلی سے 221 ووٹ حاصل کرکے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والے الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024