• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عمران عباس اور سجل علی پہلی بار ایک ساتھ کاسٹ

شائع July 20, 2017
عمران عباس اور سجل علی کا شمار پاکستان کے بہترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے —۔
عمران عباس اور سجل علی کا شمار پاکستان کے بہترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے —۔

سجل علی اور عمران عباس دونوں ہی کا شمار پاکستان کے دلکش اور بہترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے اور اب یہ دونوں بہت جلد اسکرین پر ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔

یہ اداکارسرمد کھوسٹ کی ہدایات میں بننے والے ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے جارہے ہیں، جس کا نام 'نور العین' ہوگا۔

اس ڈرامے کی تفصیلات کے حوالے سے ڈان نے عمران عباس سے بات کی۔

اس حوالے سے عمران عباس کا کہنا تھا کہ 'یہ ایک خوبصورت رومانوی کہانی پر مبنی ڈرامہ ہے، جو دونوں کرداروں کے رشتے کو پیش کرے گا'۔

مزید پڑھیں: 'انڈیا پاکستان میں عمران عباس جیسا خوش شکل کوئی نہیں'

انہوں نے مزید بتایا کہ 'میں اس ڈرامے میں کام کرنے کے لیے بے تاب ہوں، کیوں کہ عام طور پر میں سال میں صرف ایک یا دو ڈراموں میں کام کرتا ہوں اور یہ اس سال کا میرا دوسرا ڈرامہ ہوگا، دیکھا جائے تو یہ میرا تیسرا ڈرامہ بھی مانا جاسکتا ہے، کیوں کہ اس سال میرے تین ڈرامے پیش کیے جائیں گے، لیکن میرے دوسرے ڈرامے کی شوٹنگ گزشتہ سال ہوئی تھی'۔

عمران عباس کا دوسرا ڈرامہ 'یار بےوفا' جلد نشر کیا جائے گا۔

اداکار کے مطابق 'میں نے اس پروجیکٹ کی حامی بھرنے سے قبل کئی اسکرپٹس کے لیے انکار کیا، جن میں سے ایک قندیل بلوچ کی زندگی پر مبنی ڈرامہ 'باغی' بھی تھا، کیوں کہ میں کسی ایسے ڈرامے میں کام کرنا چاہتا تھا جو مداحوں کو متاثر کرے'۔

'نور العین' پروجیکٹ کو سائن کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے اداکار نے کہا کہ 'مجھے اس کا اسکرپٹ بےحد پسند آیا تھا، میں اس وقت اس کی کہانی کے بارے میں تو نہیں بتا سکتا لیکن یہ ہے بہت دلچسپ'۔

یہ بھی پڑھیں: عمران عباس اور بپاشا باسو ایک ساتھ

انہوں نے سجل علی کے ساتھ کام کرنے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'میں پہلی مرتبہ سجل علی کے ساتھ کام کرنے جارہا ہوں، مجھے لگتا ہے لوگ اس نئی جوڑی کو پسند کریں گے'۔

عمران عباس کے مطابق مداح ابھی سے اس ڈرامے کی بات کررہے ہیں اور شاید یہ پہلے ہی ہِٹ ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'سجل علی بہترین اداکارہ ہیں اور مداح ہماری جوڑی کو سراہ رہے ہیں، سجل کی بولی وڈ فلم 'موم' صرف انڈیا میں ہی نہیں، ہر جگہ کافی پسند کی جارہی ہے، وہ پاکستان کی مثبت انداز میں نمائندگی کررہی ہیں اور میں ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے پُر جوش ہوں'۔

یہ پہلا ڈرامہ نہیں جس میں عمران عباس سرمد کھوسٹ کے ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے، اس حوالے سے اداکار نے بتایا کہ 'میں سرمد کھوسٹ کے ساتھ 'منٹو' میں کام کرچکا ہوں، ان کا کام ہمیشہ ہی بہترین ہوتا ہے، اس لیے مجھے پوری امید ہے کہ یہ ڈرامہ بھی اچھا بنے گا'۔

یہ بھی پڑھیں: عمران عباس ایک اور بولی وڈ فلم میں کاسٹ

انہوں نے مزید کہا کہ 'جب میں نے اس ڈرامے کے خیال کو سُنا تو مجھے اندازہ ہوا کے پروڈکشن ٹیم نے بہت اچھی چیزیں پلان کررکھی ہیں، اس کا میوزک بہترین ہے اور یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ یہ اس سال کا سب سے بڑا ڈرامہ ہوگا، مجھے امید ہے میں اپنے مداحوں، دوست، خاندان اور ہر اُس شخص کو مایوس نہیں کروں گا جو مجھ سے پیار کرتا ہے'۔

اس ڈرامے کی ریلیز تاریخ اب تک سامنے نہیں آئی۔

خیال رہے کہ کئی کامیاب پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے والے عمران عباس بولی وڈ فلموں میں بھی جلوہ گر ہوچکے ہیں۔

انہوں نے گزشتہ سال کی کامیاب بولی وڈ فلم 'اے دل ہے مشکل' میں ایک مختصر کردار ادا کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024