• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’رقم بڑھاؤ نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں‘

شائع July 13, 2017
جھوٹ بولنے پر نواز شریف کو استعفیٰ دینا چاہئیے، عمران خان—فوٹو: ڈان نیوز
جھوٹ بولنے پر نواز شریف کو استعفیٰ دینا چاہئیے، عمران خان—فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے حال ہی میں جاوید ہاشمی کی جانب سے کی جانے والی پریس کانفرنس کے رد عمل میں کہا ہے کہ ان کی پریس کانفرنس میں بس اتنی صداقت تھی کہ’رقم بڑھاؤ نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں‘۔

خیال رہے کہ سینیئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے 12 جولائی کو ملتان میں ایک ہنگامہ خیز پریس کانفرنس کرتے ہوئے فوجی جرنیلوں، ججز اور سیاستدانوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ ’آج کے زمانے میں کوئی بھی صادق و امین نہیں‘۔

جاوید ہاشمی نے یہ پریس کانفرنس ایک ایسے موقع پر کی، جب پاناما لیکس اسکینڈل کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) نے 2 دن قبل ہی سپریم کورٹ (ایس سی) میں اپنی رپورٹ جمع کرائی تھی۔

جاوید ہاشمی نے پاناما لیکس اسکینڈل اور جے آئی ٹی رپورٹ کے تناظر میں کہا کہ ملک کے سیاستدانوں سے تو ان کے اثاثوں پر سوالات پوچھے جاتے ہیں لیکن کیا کوئی ججز اور فوج کے جنرلز سے بھی سوال کرے گا کہ انہوں نے یہ اثاثے کیسے بنائے؟

یہ بھی پڑھیں: پاناما لیکس پر جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد جاوید ہاشمی کی پریس کانفرنس

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ ’اگر سیاست دانوں کا احتساب لازم ہے تو وہ جج جس کی پاناما میں جائیداد ہے اور وہ سپریم کورٹ کا حاضر سروس جج ہے، کیا ان کا کوئی نام لے سکتا ہے، کیا ان کا کوئی احتساب کرسکتا ہے؟ کیا کوئی ان سے پوچھ سکتا ہے کہ تم نے پاناما میں کیوں پیسے دیئے ہیں؟ کیوںکہ کسی کی جرات نہیں ہے‘۔

پریس کانفرنس میں جاوید ہاشمی نے عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے کے دوران انہوں نے جو کچھ کہا اس پر قائم ہیں، ان کے عمران خان کے ساتھ سیاسی اختلافات ہیں، اگر انہوں نے کچھ غلط کہا ہو تو عمران خان ان کی باتوں کو رد کر دیں۔

جاوید ہاشمی کی اسی پریس کانفرنس کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے زیادہ تفصیل میں جانے کے بجائے ایک ہی جملے پر انحصار کیا۔

عمران خان نے مختصرا کہا کہ ’جاوید ہاشمی کی پریس کانفرنس میں بس اتنی صداقت تھی کہ رقم بڑھاؤ نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں‘۔

پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے مزید کہا کہ جمہوریت میں طاقت کے زور پر نہیں بلکہ اخلاقی قوت سے حکومت کی جاتی ہے، جمہوریت میں ایک جھوٹ پر استعفیٰ دیا جاتا ہے، مگر یہاں تو جھوٹ نہیں، جھوٹ کی بارش ہوگئی، مگر پھر بھی کچھ نہیں ہوا، نواز شریف کو جھوٹ بولنے پر استعفیٰ دے دینا چاہئیے۔

مزید پڑھیں: وزیرِ اعظم صاحب، عہدہ چھوڑ دیں

عمران خان نے بھارتی اخبار’ہندوستان ٹائمز‘ میں 13 جولائی کو شائع ہونے والے کسی مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ’انہوں نے آج ہندوستان ٹائمزمیں ایک مضمون پڑھا، جس میں کہا گیا کہ بھارت کو ڈر ہے کہ کہیں نواز شریف گھر نہ چلے جائیں، کیوں کہ انہیں ڈر ہے کہ اگر یہ چلے گئے تو فوج ہندوستان سے تگڑی ہوجائے گی۔

تحریک انصاف سربراہ نے کہا کہ بھارتی حکومت کو یہ فکر نہیں کہ پاکستان میں اربوں روپے کی کرپشن ہو رہی ہے یا نہیں، انہیں تو بس یہ فکر ہے کہ ان کا اتحادی نہ چلا جائے۔

عمران خان نے پریس کانفرنس میں مزید سیاسی گفتگو کرنے کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صوبائی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار صحت اصلاحات نافذ کیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم جے آئی ٹی میں جوابات دینے میں ناکام

عمران خان نے تسلیم کیا کہ سب کچھ ایک دم ٹھیک نہیں ہوسکتا،لوگوں کو تعلیم، صحت اور انصاف کے بہتر نظام کی ضرورت ہے۔

پی ٹی آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ہسپتالوں کو سولر سسٹم پر چلانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، جب کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں ہیلتھ کارڈ کے اجراء کے لیے 70 کروڑ روپے خرچ کئے، اور ملک میں سب سے زیادہ تنخواہیں خیبر پختونخوا کے ڈاکٹرز کو مل رہی ہیں۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا میں ضلعی سطح پر ہسپتالوں میں 95 فیصد ڈاکٹرز تعینات ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Mian mUskrahat Ali Jul 13, 2017 08:05pm
He is right.......

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024