• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’بولی وڈ جانا میرا خواب کبھی نہیں تھا‘

شائع July 12, 2017
پاکستانی اداکارہ سجل علی اور بولی وڈ اداکارہ سری دیوی کی ایک ساتھ تصویر —۔
پاکستانی اداکارہ سجل علی اور بولی وڈ اداکارہ سری دیوی کی ایک ساتھ تصویر —۔

اگر آپ نے بولی وڈ کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’موم‘ دیکھ لی ہے، تو اس بات سے یقیناً اتفاق کریں گے کہ پاکستانی اداکارہ سجل علی نے اپنی ڈیبیو بولی وڈ فلم میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

فلم ’موم‘ کو ہندوستان سمیت پاکستان میں بھی بےحد پسند کیا جارہا ہے۔

ڈان کو دیے گئے انٹرویو میں سجل علی نے بتایا کہ ’میرے لیے یہ کردار کسی چیلنج سے کم نہیں تھا، میرا ماننا یہ ہے کہ جو کردار ہم ادا کرتے ہیں، اس سے اتنا جُڑ جاتے ہیں کہ بعد میں اس جیسے ہی بننے لگتے ہیں‘۔

سجل علی نے فلم میں اپنے پہلے سین کے بارے میں بتایا کہ ’میرے لیے سب سے مشکل حصہ سری دیوی کے ساتھ کام کرنا تھا، جیسے میرا پہلا سین کھانے کی ٹیبل کے پاس بیٹھ کر سری دیوی سے بدتمیزی کرنے کا تھا، مجھے اس سین میں کافی ڈر لگ رہا تھا، یہ بھی نہیں کہ کوئی پیار بھرا سین ہو'۔

مزید پڑھیں: سجل اور عدنان کی فلم 'مام' تاثر جمانے میں کامیاب

انہوں نے بتایا کہ فلم کے کچھ حصے کی شوٹنگ جارجیا میں بھی ہوئی، جہاں بہت زیادہ ٹھنڈ تھی جس کی وجہ سے شوٹنگ کا وہ مرحلہ بھی مشکل تھا۔

اس فلم میں سجل علی نے ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کیا، جس کا ریپ ہوجاتا ہے اور بعدازاں اس کی سوتیلی ماں اس کا بدلہ لیتی دکھائی دے گی۔

سجل کا مزید کہنا تھا کہ ’ایمانداری کی بات کی جائے تو بولی وڈ جانا میرا خواب کبھی نہیں تھا، میں پاکستان میں کام کرکے خوش رہی، لیکن 'موم' کی کہانی نے مجھے بےحد متاثر کیا، میں ہمیشہ سے یہ بھی جانتی تھی کہ اگر میں بولی وڈ میں کام کروں گی تو میری کچھ حدود ہوں گی، اس فلم کا موضوع کافی سنجیدہ اور نازک تھا جسے سمجھداری سے لیا گیا‘۔

انہوں نے فلم میں اپنی سوتیلی ماں کا کردار ادا کرنے والی سری دیوی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ بہت اچھی انسان ہیں اور ابھی تک مجھے فون کرتی اور بتاتی ہیں کہ میں انہیں یاد آرہی ہوں‘۔

خیال رہے کہ سری دیوی نے بھی سجل علی اور عدنان صدیقی کے لیے ایک جذباتی ویڈیو پیغام ریکارڈ کروایا تھا جسے پاکستان میں فلم ’موم‘ کی نمائش کے دوران پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’موم‘ ریویو: سری دیوی کی ایک اور سبق آموز فلم

اس حوالے سے سجل علی نے بتایا کہ ’میں اس پیغام کے بارے میں کچھ نہیں جانتی تھی، تو ظاہر ہے میں اسے دیکھ کر کافی جذباتی ہوگئی، میں ویسے بھی کافی جذباتی تھی کیوں کہ حال ہی میں میری والدہ کا انتقال ہوا ہے‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال سے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعلقات کافی کشیدہ ہیں، جس کا سب سے زیادہ اثر دونوں ممالک کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری پر پڑا، تو کیا یہ بولی وڈ میں سجل علی کی پہلی اور آخری فلم ثابت ہوگی؟

اس پر سجل علی نے اچھی امید کا اظہار کیا اور کہا کہ ’میرا بونی کپور کے ساتھ تین فلموں کا کانٹریکٹ ہے، اگر کبھی دوبارہ کام کیا بھی تو ان ہی کے ساتھ کروں گی، ان لوگوں نے مجھے بہت اچھی آفر دی، ایک بہترین کاسٹ، مضبوط کردار اور اس کے لیے میں ہمیشہ شکر گزار رہوں گی‘۔

اس وقت سجل علی ہم ٹی وی کے ڈرامے ’او رنگریزا‘ کی شوٹنگ کررہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024