لاہور: مالکن کے تشدد سے 16 سالہ گھریلو ملازم ہلاک
لاہور کے علاقے اکبری گیٹ میں گھر کی مالکن کے مبینہ تشدد سے گھریلو ملازم ہلاک جبکہ اس کی بہن زخمی ہوگئی۔
ڈان نیوز کے مطابق اکبری گیٹ کے علاقے میں پیش آنے والے واقعے میں فوزیہ نامی گھر کی مالکن کے مبینہ تشدد سے 16 سالہ اختر ہلاک جبکہ اس کی 14 سالہ بہن عطیہ زخمی ہوگئی۔
پولیس نے نوجوان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی زخمی عطیہ کو تحویل میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔
ایس پی سٹی عادل میمن کے مطابق ملزمہ فوزیہ ایک سیاسی رہنما کی بیٹی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 2014ء میں بچوں پر تشدد کے 70 ہزار کیسز
پولیس کا کہنا ہے کہ ننکانہ صاحب میں موجود بچوں کے والدین کو اطلاع کر دی گئی ہے اور ان کی درخواست پر مزید کارروائی کی جائے گی۔
عادل میمن کا کہنا تھا کہ ملزمہ نے اختر کو مبینہ طور پر ڈنڈے سے مارا جس سے اندرونی چوٹ آنے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
تاہم فوزیہ کے اہلخانہ نے دعویٰ کیا کہ اختر کی کوئی زہریلی چیز کھانے کی وجہ سے موت واقع ہوئی۔