کوہاٹ سے اسلحہ و گولہ بارود کی بڑی کھیپ برآمد
آپریشن ردالفساد کے تحت سیکیورٹی فورسز نے کوہاٹ میں ٹرک سے اسلحہ اور گولہ بارود کی بھاری کھیپ برآمد کرلی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع پر درہ آدم خیل سے آنے والے ٹرک کو کوہاٹ ٹنل کے قریب روکا تو اس کے خفیہ خانوں میں بڑی مقدار میں چھپایا گیا جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ اسلحہ درہ آدم خیل سے جنوبی وزیرستان ایجنسی کے صدر مقام وانا دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے لے جایا جارہا تھا۔
کارروائی کے دوران اسلحے سے بھرا ٹرک لے جانے والے دو دہشت گردوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برآمد کیے گئے اسلحے میں مختلف اقسام کے 614 پستول، پستول کے 579 میگزین، 106 شارٹ مشین گنز، 6 لائٹ مشین گنز، 116 جدید خود کار ہتھیار، 7 ہزار راؤنڈز اور دیگر اسلحہ شامل ہے۔