اضافی وزن کے باعث ہیروئن فلم سے خارج
رواں برس اپریل میں ریلیز ہونے والی فلم ‘باہو بلی 2‘ کی جوڑی پربھاس اور انوشکا شیٹھی کو خوب پذیرائی ملی۔
باہو بلی 2 فلم نے بزنس کے ایسے ریکارڈ قائم کیے، جو کسی کے گمان میں بھی نہ تھے۔
فلم کی کامیابی کے بعد باہوبلی ڈائریکٹر ایس ایس راجا ماؤلی نے پربھاس کے ساتھ ’ساہو‘ بنانے کا اعلان کیا، جس کے لیے سب سے پہلے کترینہ کیف کو بطور ہیروئن پیش کش کی گئی، مگر انہوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔
کترینہ کیف کے انکار کے بعد ایس ایس راجا ماؤلی نے مجبور ہوکر شردھا کپور سے رابطہ کیا، جنہوں نے بھی ہیروئن کا کردار ادا کرنے کے لیے بھاری معاوضے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’کترینہ کیف باہو بلی ہیرو کے ساتھ رومانس نہیں کرنے والی‘
بولی وڈ کی خوبصورت اداکاراؤں کی جانب سے انکار کے بعد ایس ایس راجا ماؤلی نے پربھاس کے مقابلے انوشکا شیٹھی کو ہی بطور ہیروئن کاسٹ کیاا۔
مزید پڑھیں: سلمان خان اور باہوبلی ہیرو ایک ساتھ کام کریں گے؟
مگر اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ہدایت کار نے انوشکا شیٹھی کو بھی اضافی وزن کے باعث فلم سے خارج کردیا۔
بولی وڈ لائف کے مطابق انوشکا شیٹھی کو پہلے ہی فلم کے مطابق اپنے وزن کو کم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، جس پر اداکارہ نے عمل بھی کرنا شروع کردیا تھا۔
اداکارہ نے بڑی محنت کی، اور فلم میں کردار کے حوالے سے تربیت بھی لینا شروع کردی، مگر اب تک وہ اپنا وزن کم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
انوشکا شیٹھی کا وزن اس وقت بھی فلم کے کردار کے مقابلے 7 سے 8 کلو اضافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انوشکا شیٹھی کا معاوضہ کیا؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس ایس راجا ماؤلی نے انوشکا شیٹھی کو فلم سے خارج کرتے ہوئے دوسری ہیروئن کی تلاش کا کام شروع کردیا۔
خیال رہے کہ ’ساہو‘ 2018 میں ’تامل‘ ’تیلگو‘ اور ’ملایم‘ زبانوں میں ریلیز کی جائے گی۔