موٹاپے کی حیرت انگیز وجہ سامنے آگئی
کیا آپ کا جسمانی وزن تیزی سے بڑھ رہا ہے ؟ اگر ہاں تو اس کی وجہ کہیں سونگھنے کی حس نہ ہو۔
یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق کھانوں کی مہک درحقیقت لوگوں کے اندر اشتہا بڑھا کر انہیں زیادہ کھانے پر مجبور کرتی ہے۔
مزید پڑھیں : موٹاپے سے بچانے میں مددگار 16 غذائیں
تحقیق کے مطابق سونگھنے کی اچھی حس وہ ممکنہ وجہ ہے جو لوگوں کے جسمانی وزن میں اضافے یا اس میں کمی کی کوششوں میں رکاوٹ بنتی ہے۔
اس تحقیق کے دوران چوہوں پر مختلف تجربات کیے گئے۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جن چوہوں کی سونگھنے کی حس اچھی تھی، ان میں دیگر کے مقابلے میں جسمانی وزن میں 50 فیصد زیادہ اضافہ ہوا اور وہ موٹاپے کے شکار ہوگئے۔
ان جانوروں کے اندر انسولین کی حساسیت اور گلوکوز کے حوالے سے بھی مسائل پیدا ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : موٹاپا کم ہو تو چربی کہاں جاتی ہے؟
محققین کا کہنا تھا کہ کھانے کی مہک جسم کو زیادہ چربی والی غذا کی جانب متوجہ کرتی ہے اور زیادہ کیلوریز جسم کا حصہ بن جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نتائج کو دیکھ کر حیران رہ گئے، اس کی ہمیں توقع بھی نہیں تھی۔
اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے سیل میٹابولزم میں شائع ہوئے۔