• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کراچی: سائٹ کے علاقے میں فائرنگ، 4 پولیس اہلکار جاں بحق

شائع June 23, 2017

کراچی کے علاقے سائٹ میں ٹارگٹڈ حملے میں 4 پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سائٹ آصف احمد بوگھیو نے کہا کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار 3 مشتبہ افراد نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپیکٹر (اے ایس آئی) سمیت 4 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔

ایس ایچ او سائٹ رانا مقصود کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے کے وقت پولیس اہلکار سیمنز اور حبیب بینک چورنگی کے درمیان واقع ایک ہوٹل میں افطار کر رہے تھے، جس دوران کالعدم تنظیم کے نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی جس سے اے ایس آئی محمد یوسف، کانسٹیبل شبیر، کانسٹیبل اسرار اور کانسٹیبل خالد جاں بحق ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو سروں پر گولیاں ماری گئیں.

بعد ازاں پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے افسر راجہ عمر خطاب نے فائرنگ کی جگہ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ڈان سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’جماعت الانصار الشریعہ‘ کے ترجمان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ جائے وقوع سے ان کا پمفلٹ بھی ملا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد تنظیم حال ہی میں وجود میں آئی ہے اور یہ دوسرا حملہ ہے جس کی اس نے ذمہ داری قبول کی۔

قبل ازیں اس تنظیم نے کراچی میں ریٹائرڈ آرمی افسر کی ٹارگٹ کلنگ کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024