• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سری لنکن ٹیم حملہ کیس کے دوملزمان بری

شائع June 21, 2017

لاہور: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سری لنکن ٹیم حملہ کیس کے دو ملزمان عبیداللہ اور ابراہیم خلیل کو بری کردیا۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سری لنکن ٹیم حملہ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں ملزمان عبیداللہ اور ابراہیم خلیل کے وکیل رانابلیغ ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان پر سری لنکن ٹیم پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو اسلحہ اور تربیت فراہم کرنے کا الزام ہے۔

ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف تمام تر الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں، لہذا ملزمان کو بری کیا جائے۔

مزید پڑھیں: سری لنکن ٹیم پر حملے کے ملزمان ’مقابلے‘ میں ہلاک

جس پر عدالت نے سری لنکن ٹیم حملہ کیس میں نامزد دو ملزمان عبیداللہ اورابراہیم خلیل کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔

خیال رہے کہ مارچ 2009 میں لاہور کے لبرٹی چوک میں دہشت گردوں نے سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے چھ کھلاڑی زخمی ہوئے جبکہ مہمانوں کو بچاتے ہوئے چھ پاکستانی پولیس اہلکار اور دو شہری ہلاک ہوئے تھے۔

دہشت گردی کے اس واقعے کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرون حملہ: سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کا ملزم ہلاک

سری لنکن ٹیم حملہ کیس کے چھ ملزمان قاری زبیر عرف نیک، عدنان ارشد، عبدالوہاب، جاوید انور، ابراہیم جلیل اور عبیداللہ پر جون 2016 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

گزشتہ برس ہی سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے 3 ملزمان قاری زبیرعرف نیک محمد، عبدالوہاب اور عدنان ارشد مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

سری لنکن ٹیم حملہ کیس میں نامزد کالعدم تنظیم کے سربراہ ملک اسحاق بھی ایک مقابلے میں ہلاک ہو چکے ہیں، ملک اسحاق پر سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کا ماسٹر مائنڈ ہونے کا الزام تھا۔

مزید پڑھیں: 'لاہور میں حملہ زندگی کا خطرناک ترین لمحہ تھا'

سری لنکن کرکٹ ٹیم حملہ کیس اے ٹی سی سے فوجی عدالت کو منتقل کیا گیا تھا جسے بعد میں دوبارہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں منتقل کردیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024