• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

طالبان کے ہاتھوں 8 افغان سیکیورٹی گارڈز ہلاک

شائع June 20, 2017

کابل: افغانستان کے شمالی صوبے پروان میں طالبان نے فائرنگ کرکے 8 افغان سیکیورٹی گارڈز کو ہلاک کردیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے صوبہ پروان کی خاتون ترجمان وحیدہ شاہکار کے حوالے سے بتایا کہ ضلع بگرام میں پیر کو رات گئے پیش آنے والے واقعے میں 2 گارڈز زخمی بھی ہوئے۔

ترجمان کے مطابق سیکیورٹی گارڈز کو اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ بگرام ایئر بیس پر اپنی ڈیوٹی کے لیے جارہے تھے۔

واضح رہے کہ بگرام ایئربیس افغانستان میں امریکا کی مرکزی فوجی بیس ہے۔

مزید پڑھیں:افغانستان: امریکی اہلکاروں کی فائرنگ،بچوں سمیت 3 شہری ہلاک

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیا کو جاری کیے گئے بیان میں واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔

حالیہ دنوں میں افغان طالبان نے سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ کردیا ہے، جبکہ شدت پسند تنظیم داعش بھی افغانستان کے مختلف حصوں میں اپنے قدم جمانے میں مصروف ہے، امریکی حکام کا ماننا ہے کہ افغانستان میں داعش کے تقریباً 600 سے 800 جنگجو موجود ہیں، جن میں سے زیادہ تر صوبہ ننگرہار میں موجود ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں دارالحکومت کابل میں جرمن سفارت خانے کے قریب کار بم دھماکے کے نتیجے میں 90 سے زائد افراد ہلاک اور 400 زخمی ہوگئے تھے، تاہم افغان طالبان سمیت کسی بھی تنظیم نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: 100 فوجیوں کی ہلاکت: افغان آرمی چیف، وزیردفاع عہدے سے مستعفی

دوسری جانب افغانستان میں رواں ماہ کچھ 'اندرونی حملے' بھی دیکھنے میں آئے، 18 جون کو شمالی صوبے مزار شریف کے فوجی اڈے 'شاہین کیمپ' پر ایک افغان فوجی اہلکار کی فائرنگ سے 7 امریکی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 11 جون کو مشرقی صوبے ننگرہار میں بھی ایک افغان فوجی نے 'اندرونی حملہ' کیا تھا جس میں 3 امریکی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا جس کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024