• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:16am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:43am Sunrise 7:12am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:16am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:43am Sunrise 7:12am
شائع June 12, 2017

وہ سیاستدان جوکامیاب اداکار نہ بن سکے


ویسے تو اداکاری اور سیاست کا آپس میں کوئی تعلق نہیں، لیکن جنگ عظیم اول کے بعد دنیا کے بدلتے حالات کے پیش نظر سیاستدانوں نے اس قدر شاطرانہ اور ڈرامائی پالیسیاں اپنائیں کہ اداکاری اور سیاست میں فرق باقی نہ رہا۔

سیاست دنیا کے عظیم اور قدیم ترین اصولوں، ذرائع اور سماج کی بہتری میں کردارادا کرنے والے مقصدوں میں سے ایک ہے، مگر آج کل کی بدلتی سیاست میں سیاستدانوں کی مکاریاں، اداکاریاں اور اسکینڈلز اتنے عام ہوچکے ہیں کہ سیاست اور اداکاری کا فرق کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

سیاستدانوں کی جانب سے ڈرامے بازیاں، وعدہ خلافیاں اور مکاریاں اتنی عام ہوچکی ہیں کہ اب عوام سیاست اور اداکاری میں کوئی فرق نہیں سمجھتے۔

ویسے تو پوری دنیا کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلیاں آچکی ہیں، مگر برصغیر پاک و ہند کی سیاست کچھ زیادہ ہی تبدیل ہوگئی ہے۔

پاکستان کے سیاستدانوں اور ہر فلم اور ڈرامے میں اپنے کردار اور روپ کو تبدیل کرنے والے فنکاروں میں کوئی فرق نہیں رہا، اور کچھ سیاستدان تو ایسے بھی ہیں، جنہوں نے ابتداء ہی اداکاری سے کی۔

ناکام اداکاری سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے کامیاب سیاستدانوں میں صرف پاکستان اور بھارت کے کے نہیں بلکہ امریکا سمیت دیگر ممالک کے سیاستدان بھی شامل ہیں، جن میں سے چند درج ذیل ہیں۔

رونالڈ ریگن

رونالڈ ریگن امریکا کے 40 ویں صدر بنے—فوٹو: اے ایف پی
رونالڈ ریگن امریکا کے 40 ویں صدر بنے—فوٹو: اے ایف پی

امریکا کے 40 ویں صدر منتخب ہونے والے رونالڈ ریگن سیاست میں تو جنگ عظیم دوئم کے بعد آئے، لیکن وہ اس سے پہلے 1932 میں اپنے انٹرٹینمینٹ کیریئر کا آغاز کرچکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اداکاروں کی سیاسی جنگ

انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز امریکا کے ایک نیوز ریڈیو چینل WHO سے ایک اسپورٹس اناؤنسر کی حیثیت سے کیا، کیوں کہ انہیں دوران تعلیم ہی اسپورٹس سے دلچسپی تھی۔

رونالڈ ریگن نے 1937 میں معروف فلم کمپنی وارنر برادرز سے معاہدہ کیا، یہ فلم کمپنی اب ہولی وڈ کی معروف کمپنیوں میں سے ایک ہے، رونالڈ ریگن نے لگ بھگ 20 فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

رونالڈ ریگن بطور اداکار اتنی کامیابیاں حاصل نہیں کرپائے، جتنی انہوں نے بطور سیاستدان حاصل کیں۔

رونالڈ ریگن 1981 میں جمی کارٹر کے بعد امریکا کے صدر منتخب ہوئے، ان کا شمار امریکا کے کامیاب صدور اور دنیا کے نامور سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ

ڈونلڈ ٹرمپ پہلے کامیڈی اور ریئلٹی ٹو شو میں آ چکے ہیں—فوٹو: اے ایف پی
ڈونلڈ ٹرمپ پہلے کامیڈی اور ریئلٹی ٹو شو میں آ چکے ہیں—فوٹو: اے ایف پی

شاید ہی اس وقت دنیا کے کسی ملک میں پڑھا لکھا اور میڈیا دیکھنے والا کوئی شخص امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بے خبر ہو، لیکن 2 سال قبل یقینا دنیا کے کروڑوں انسان ان سے بے خبر ہوں گے۔

امریکا کے 45 ویں صدر منتخب ہونے والے 70 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ سیاستدان بننے سے پہلے ریئل اسٹیٹ کا کاروبار کرتے تھے، لیکن اس سے پہلے وہ انٹرٹینمینٹ اور شوبز کی دنیا سے وابستہ رہے ہیں۔

انہوں نے 2004 میں ’دی اپرینٹس‘ نامی ریلٹی ٹی وی شو میں اداکاری کرنے سمیت 2011 میں ایک ٹی وی کامیڈی شو کی میزبانی کے فرائض بھی سر انجام دییے۔

ان کی کاروباری آرگنائیزیشن کھیلوں اور ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سمیت انٹرٹینمینٹ کے منصوبوں پر بھی کام کرتی ہے، جب کہ وہ مقابلہ حسن کے ایونٹ کروانے سمیت نئی ماڈلز کو متعارف کرانے کے کارنامے بھی سر انجام دے چکے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی بیوی میلانیا ٹرمپ بھی ایک ماڈل ہیں، ان کی بیٹی ایوانکا بھی ماڈلنگ کرتی آئی ہیں۔

آصف علی زرداری

آصف علی زرداری کو پاکستان میں حادثاتی صدر کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے—فوٹو: اے ایف پی
آصف علی زرداری کو پاکستان میں حادثاتی صدر کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے—فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کا شمار بھی دنیا کے ان سیاستدانوں میں ہوتا ہے، جو حادثاتی طور پر اقتدار میں آئے اور ہمیشہ کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہوگئے۔

کاروباری اور سینما گھروں کے حوالے سے کام کرنے والے سیاسی کارکن حاکم علی زرداری کے گھر میں پیدا ہونے والے آصف علی زرداری بھی اپنے بچپن میں ’سالگرہ‘ نامی فلم میں چائلڈ اسٹار کے طور پر کام کرچکے ہیں۔

آصف علی زرداری کا زیادہ تعلق جہاں اداکاری سے نہیں ہے، وہیں ان کا تعلق پاکستانی سیاست میں بھی 2008 سے پہلے اتنا اہم نہیں تھا، البتہ بے نظیر بھٹو کے شوہر ہونے کی وجہ سے ان کا نام پاکستانی سیاست میں سنا جاتا تھا۔

انہوں نے اپنے دور صدارت میں کئی اہم کارنامے سر انجام دئیے، جب کہ وہ متنازع صدر بھی رہے۔

جے للیتا

جے لیلتا کا شمار ہندوستان کے کامیاب وزرائے اعلیٰ میں ہوتا ہے—فوٹو: اے ایف پی
جے لیلتا کا شمار ہندوستان کے کامیاب وزرائے اعلیٰ میں ہوتا ہے—فوٹو: اے ایف پی

بھارتی ریاست تامل ناڈو کی سابق خاتون وزیر اعلیٰ جے للیتا کا شمار بھارت کی کامیاب ترین اور عوام پسند وزرائے اعلیٰ میں ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: اداکارہ اور اسکینڈل کوئین کا سیاست میں آنے کا عندیہ

گزشتہ برس دسمبر میں انتقال کرجانے والی جے للیتا نے اپنے کیریئر کی شروعات ایک اداکارہ کی حیثیت میں کی۔

جے للیتا نے قریبا 20 سے 22 فلموں میں ہیروئن، سپورٹڈ اداکارہ اور مہمان اداکارہ کی حیثیت سے کام کیا، انہوں نے 1975 کے بعد فلمی دنیا کو خیرآباد کہ کر سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا۔

وہ پہلی بار 1991 میں ریاست تامل ناڈو کی وزیر اعلیٰ بنیں، وہ 5 بار وزیراعلیٰ منتخب ہوئیں۔

مہندا راجا پاکسے

سری لنکا کے سابق صدر بھی اداکاری کر چکے ہیں—فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا کے سابق صدر بھی اداکاری کر چکے ہیں—فوٹو: اے ایف پی

سری لنکا کے چھٹے صدر رہنے والے مہندا راجا پاکسے نے گریجوایشن کے بعد سنہالی زبان میں بننے والی چند فلموں میں کردار ادا کیے۔

راجا پاکسے اپنے کالج میں تھیٹر اور اسٹیج ڈراموں میں بھی حصہ لیتے رہے۔

راجا پاکسے 2005 سے 2015 تک سری لنکا کے صدر رہے، ان کی دور حکومت میں ہی تامل ٹائیگرز باغیوں کو کچلا گیا، اور ان پر جنگی جرائم کے الزامات بھی عائد کیے گئے۔

لیچ کازیانسکی

لیچ کازیانسکی چائلڈ اسٹار کے طور پر کام کرچکے تھے—فوٹو: اے ایف پی
لیچ کازیانسکی چائلڈ اسٹار کے طور پر کام کرچکے تھے—فوٹو: اے ایف پی

پولینڈ کے چوتھے صدر بننے والے لیچ کازیانسکی سیاست میں تو آخر میں آئے، پہلے انہوں نے بطور قانون دان کیریئر کا آغاز کیا۔

لیچ کازیانسکی نے گریجوئیشن سے پہلے پولش فلموں میں بطور چائلڈ اسٹار یا کم عمر لڑکے کے طور پر کام کیا، تاہم ان کی اداکاری کا سلسلہ زیادہ دیر تک جاری نہ رہہ سکا۔

لیچ کازیانسکی 2005 میں پولینڈ کے صدر بنے اور 10 اپریل 2010 تک اپنے انتقال تک اس عہدے پر فائز رہے۔

جروسلو کازیانسکی

جروسلو کازیانسکی اداکار سے زیادہ سیاستدان کے طور پر کامیاب ہوئے—فوٹو: اے ایف پی
جروسلو کازیانسکی اداکار سے زیادہ سیاستدان کے طور پر کامیاب ہوئے—فوٹو: اے ایف پی

پولینڈ کے 13 ویں وزیر اعظم بننے والے جروسلو کازیانسکی بھی سیاستدان بننے سے پہلے اداکاری بھی کر چکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ سیاستدان بنیں گی

جروسلو کازیانسکی پولینڈ کے صدر رہنے والے لیچ کازیانسکی کے بڑے بھائی ہیں، انہوں نے بھی کم عمری میں پولش فلموں میں کام کیا، بعد ازاں وہ کچھ عرصے کے لیے صحافت سے بھی منسلک رہے۔

جروسلو کازیانسکی 2003 میں ملک کے وزیر اعظم بنے، ان کی مدت 2007 میں مکمل ہوئی۔

یہ ان چند ناکام اداکاروں کی تفصیل ہے، جو کامیاب سیاستدان ہی نہیں بلکہ بڑے عہدوں پر بھی فائز ہوئے، جب کہ امریکا، برطانیہ، کینیڈا، روس، برازیل، بھارت، پاکستان، بنگلادیش، اسرائیل، نیدرلینڈ، تھائی لینڈ اور دیگر کئی ملکوں کے کئی ایسے سیاستدان بھی ہیں، جو پہلے اداکار تھے۔

پاکستان اور بھارت کے کئی پارلیامینٹرینز پہلے اداکار، گلوکار یا ٹی وی پرسنلٹی رہ چکے ہیں، ایسے ہی امریکا کے کئی سینیٹرزاور ریاستوں کے گورنرز بھی پہلے اداکاری کے شعبے میں جوہر دکھا چکے ہیں۔