• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

عالیہ بھٹ، شاہ رخ خان سے 'ناراض'

شائع June 10, 2017
شاہ رخ اور عالیہ ایک ساتھ فلم ’ڈیئر زندگی‘ میں کام کرچکےہیں — فوٹو/ اسکرین شاٹ
شاہ رخ اور عالیہ ایک ساتھ فلم ’ڈیئر زندگی‘ میں کام کرچکےہیں — فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور کنگ خان شاہ رخ خان نے ایک ساتھ فلم ’ڈیئر زندگی‘ میں کام کیا تھا جس میں مداحوں نے ان کی دوستی کو خوب سراہا، تاہم اب عالیہ شاہ رخ خان سے کافی ناراض ہیں جس کی وجہ بولی وڈ کنگ کی اگلی فلم ’جب ہیری میٹ سیجل‘ ہے۔

شاہ رخ خان اس فلم میں انوشکا شرما کے ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے اور اگر آپ کو ایسا لگ رہا ہے کہ عالیہ اس بات سے ناراض ہیں کہ انہیں اس فلم میں کام کرنے کا موقع نہیں ملا تو ایسا بالکل نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ- انوشکا، ایک مرتبہ پھر اکٹھے

دراصل ہدایت کار امتیاز علی نے جب شاہ رخ خان کے ساتھ اس فلم کو بنانے کا اعلان کیا تھا تو اس کے بعد ہر مداح کی زبان پر صرف ایک ہی سوال تھا کہ اس فلم کا نام کیا ہوگا؟

گزشتہ چند ماہ سے اس فلم کے کئی نام سامنے آئے، کبھی خبر آئی کے اس فلم کا نام ’دی رنگ‘ رکھا گیا ہے، جبکہ کبھی کسی نے بتایا کہ اس فلم کا نام ’رہنما‘ رکھ دیا گیا ہے، تاہم امتیاز علی نے ان تمام ناموں سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک فلم کا نام طے نہیں کیا گیا۔

آخرکار کافی عرصے بعد شاہ رخ خان نے اعلان کیا کہ ان کی فلم کا نام ’جب ہیری میٹ سیجل‘ رکھا گیا ہے، ساتھ ہی انھوں نے مداحوں کے لیے ایک نیا شوشہ چھوڑ دیا کہ اس فلم کا نام کس نے تجویز کیا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ’جب ہیری میٹ سیجل‘ کی پہلی جھلک جاری

شاہ رخ نے ٹوئٹر پر لکھا ’اگر رنبیر کپور یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ اس فلم کا نام انہوں نے تجویز کیا تو ایسا کبھی نہیں ہوا، اس لیے انہیں 5 ہزار کا انعام نہیں دیا جائے گا‘۔

عالیہ بھٹ نے بھی اس فلم کے لیے ایک نام تجویز کیا تھا اور انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ انعام انہیں ہی ملے گا۔

تاہم اب وہ کافی ناراض ہیں کہ ان کے بتائے ہوئے نام کا انتخاب نہیں کیا گیا۔

عالیہ نے لکھا ’بہت ناراض ہوں کہ میرے بتائے ہوئے نام کا انتخاب نہیں کیا گیا، لیکن آپ دونوں پوسٹرز میں اتنے اچھے لگ رہے ہیں کہ میں نے اس بات کو جانے دیا‘۔

اس پر شاہ رخ نے کہا کہ ’میں نے آپ کے بتائے ہوئے نام کو اُس فلم کے لیے رکھ لیا ہے جو ہم ساتھ کریں گے‘۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ اس فلم کے نام کے لیے 5 ہزار کا انعام کس کو ملے گا؟

واضح رہے کہ فلم ’جب ہیری میٹ سیجل‘ رواں سال 4 اگست کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024