• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

لاہور: اساتذہ نے نویں کلاس کی طالبہ کو تیسری منزل سے دھکا دے دیا

شائع May 29, 2017

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں سرکاری اسکول کی 2 اساتذہ نے نویں جماعت کی ایک طالبہ کو 'اپنی باری پر کلاس روم صاف نہ کرنے' کی پاداش میں مبینہ طور پر تیسری منزل سے نیچے پھینک دیا، جس کے نتیجے میں طالبہ کو شدید چوٹیں آئیں۔

مذکورہ اساتذہ کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

14 سالہ طالبہ فجر نور اس وقت لاہور کے گُھرکی ہسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس کے جسم کے مختلف حصے فریکچر ہونے کے ساتھ ساتھ ریڑھ کی ہڈی بھی ٹوٹ گئی ہے۔

ہسپتال میں موجود طالبہ کے والدین اس بات پر حیران پریشان ہیں کہ اساتذہ اتنا غیر انسانی سلوک کیسے کرسکتے ہیں، انھوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف ان کی بیٹی کا بہترین علاج معالجہ کرایا جائے بلکہ اس عمل کے ذمہ داران کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے۔

مزید پڑھیں: لاڑکانہ کے نجی کیڈٹ کالج میں طالب علم تشدد سے معذور

یہ واقعہ لاہور کے علاقے شاہدرہ، کوٹ شہاب الدین میں واقع سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ گرلز اسکول میں رواں ماہ 23 مئی کو پیش آیا، تاہم اسکول انتظامیہ اور دیگر عہدیداران نے اسے ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ سے خفیہ رکھا۔

پنجاب کے سیکریٹری ایجوکیشن (اسکولز) ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے ڈان کو تصدیق کی کہ دو سینئر اساتذہ ریحانہ کوثر اور بشریٰ طفیل نے پہلے طالبہ فجر نور کی پٹائی کی اور پھر اسے اسکول کی تیسری منزل سے نیچے دھکا دے دیا۔

انھوں نے بتایا، 'ہمیں واقعے کے بارے میں علم ہفتہ (27 مئی) کو ہوا، اس حوالے سے محکمہ جاتی انکوائری کا آغاز کیا جاچکا ہے اور واقعے کو مکمل تحقیقات کے لیے وزیراعلیٰ کی انسپکشن ٹیم کو بھی بھیجا جاچکا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور: نجی اسکول پرنسپل کا طلبا پر بہیمانہ تشدد

ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے بتایا، 'وزیراعلیٰ نے واقعے کو چھپانے پر فوری طور پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر احسان ملک، ڈپٹی ڈی ای او طیبہ بٹ اور ہیڈمسٹریس نغمانہ ارشاد کو معطل کردیا جبکہ واقعے میں ملوث دونوں اساتذہ کو بھی معطل کردیا گیا اور ان کے خلاف پنجاب ایمپلائز ایفیشینسی اینڈ ڈسپلنری ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نہ صرف دونوں اساتذہ کو انصاف کے کٹہرے میں لائے گی بلکہ طالبہ کے مکمل علاج کے اخراجات بھی برداشت کرے گی، انھوں نے بتایا، 'نور کی زندگی خطرے سے باہر ہے اور ڈاکٹرز اس حوالے سے پوری کوشش کر رہے ہیں کہ وہ اپنے پیروں پر دوبارہ چل سکے'۔

تاہم نور کے والدین حکومت کی جانب سے کی گئی اب تک کی کوششوں سے مطمئن نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں: تاخیر سے اسکول آنے پر پرنسپل کا معصوم بچوں پر وحشیانہ تشدد

طالبہ کی والدہ رخسانہ بی بی نے نمائندہ ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا، 'اگرچہ ڈاکٹر اللہ بخش مالک ہسپتال آئے اور ہمارے تحفظات سنے لیکن وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی آکر ان کی بیٹی کی حالت دیکھنی چاہیئے، وہ شدید تکلیف میں مبتلا ہے'۔

اسکول انتظامیہ کی جانب سے واقعے پر پردہ ڈالنے کے حوالے سے بتاتے ہوئے رخسانہ بی بی نے بتایا، 'انھوں نے ہمیں اطلاع دی کہ نور سیڑھیوں سے گر گئی ہے اور اسے شدید چوٹیں آئی ہیں، جب ہم میو ہسپتال پہنچے تو ڈاکٹروں نے ہمیں بتایا کہ اس کے جسم کے مختلف حصوں پر فریکچر آئے ہیں اور اس کی ریڑھ کی ہڈی بھی ٹوٹ گئی ہے، انھوں نے ہمیں مشورہ دیا کہ ہم اپنی بیٹی کو بہتر علاج کے لیے گُھرکی ہسپتال کے اسپائن سینٹر منتقل کردیں'۔

واضح رہے کہ میو ہسپتال میں ہوش میں آنے کے بعد طالبہ فجر نور نے بتایا تھا کہ 'میری کلاس ٹیچرز بشریٰ اور ریحانہ نے مجھے حکم دیا کہ میں کلاس روم صاف کروں کیونکہ 23 مئی کو صفائی کی ذمہ داری میری تھی، میں نے انھیں بتایا کہ میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے، لہذا میں کسی اور دن یہ کام کرلوں گی، جس پر وہ مجھے ایک دوسرے کمرے میں لے گئیں اور مجھے مارنا شروع کردیا ، اس کے بعد اساتذہ مجھے چھت پر لے گئیں اور حکم دیا کہ میں یہ جگہ صاف کروں، جب میں نے بحث کی تو انھوں نے مجھے چھت سے نیچے دھکا دے دیا'۔

یہ بھی پڑھیں: چترال: بچوں پر پرنسپل کے تشدد کے بعد نجی اسکول سیل

طالبہ فجر نور اپنے 5 بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر ہیں، ان کے والد محمد اکبر ایک وین ڈرائیور ہیں۔

انھوں نے بتایا، 'میں 24 مئی کے بعد سے کام پر نہیں جاسکا، فی الوقت میں صرف اپنی بیٹی کی صحت کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہوں، جو خود بھی ڈاکٹر بننا چاہتی ہے، وہ زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی ہے، صرف اپنی اساتذہ کی وجہ سے، جو درد ناک ہے'۔

دوسری جانب شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے مذکورہ اساتذہ کے خلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا، ایک پولیس افسر نے بتایا، 'پولیس ٹیمیں اساتذہ کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہیں، تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی'۔

یہ خبر 29 مئی 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (3) بند ہیں

Fahad Khan May 29, 2017 02:01pm
This has to do with the growing frustration in Pakistanis due to several problems including utilities, basic necessities and security. A better future for themselves and their offspring is not visible to almost every Pakistani. This is increasing, depression, anxiety, frustration and several other problems which result in such in humane acts as they have to vent the anger and frustration at something or someone. This is a direct responsibility of the government (federal, provincial and local) to establish a society of tolerance and collaboration. We are not a nation as of now, but a herd of animals.
نام منیرچوہدری May 29, 2017 03:39pm
دانش سکول کی طالبہ کاشائدآپ ذکرکرنابھول گئے،جسے تیسری منزل سےدھکادیاگیا۔۔2روزتک ورثاکواطلاع نہ دی۔پہلےچشتیاں پھربہاولنگرڈی ایچ کیوسےانکارپرلاہورسروسزہسپتال لایاگیا،تب ورثاکواطلاع دی گئی۔سروسزہسپتال میں دانش مندعملےنےمضروبہ اوراس کے عزیزوں کونرغےمیں لئے رکھاتاکہ وہ کسی سےرابطہ نہ کرپائیں۔مضروبہ کوگھرکی ہسپتال بھجوایاگیااورپھرآن کی آن میں اسے بہاولنگربھجوادیاگیا۔ اب بھی مظلومہ بےسدھ پڑی گڈگورننس کوپکاررہی ہے
Naveed Chaudhry May 30, 2017 06:23am
Assalam O Alaikum, This is un acceptable. All my sympety and duaa is for young girl. Government should do what they can a quicker. However taking those teachers in custody should not be an option. We all know our police. After investigation if they are found guilty than should be punished.

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024