ٹنڈو الہٰیار میں پانچ بچوں کی ماں شوہر کے ہاتھوں قتل
سندھ کے ضلع ٹنڈو الہٰیار میں پانچ بچوں کی ماں کو اس کے شوہر نے کلہاڑی کے وار سے قتل کردیا۔
میثان کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) شہاب الدین عُمرانی نے ڈان کو بتایا کہ 32 سالہ مایا بھیل کو اس کے شوہر پریتم بھیل نے گاؤں شادمان جروار اس وقت کلہاڑی کے وار سے قتل کیا، جب خاتون کھیت میں کام کر رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ مقتولہ کے بھائی کیوَل بھیل نے ملزم پریتم کے خلاف مقدمہ درج کرایا، جس میں کہا گیا کہ ان کی بہن کو اس کے شوہر نے بغیر کسی وجہ کے بےدردی سے قتل کیا۔
مقتولہ کی لاش ٹنڈو الہٰیار کے سول ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے ورثا کے حوالے کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ: کاروکاری کا الزام، دیور نے بھابھی کو قتل کردیا
شہاب الدین عُمرانی کا مزید کہنا تھا کہ قتل کے بعد ملزم گاؤں سے فرار ہوگیا ہے جس کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سالانہ سیکڑوں خواتین ان کے اپنے ہی قریبی رشتہ داروں کے ہاتھوں قتل کردی جاتی ہیں۔
عورت فاؤنڈیشن کی 2016 کی سالانہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال ملک میں خواتین پر تشدد کے 7 ہزار 852 کیسز سامنے آئے۔
مزید پڑھیں: سندھ: غیرت کے نام پر دو بچوں کی والدہ کا قتل
عورت فاؤنڈیشن سے منسلک صائمہ منیر کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں 70 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔