کوئٹہ: کوئلے کی کان بیٹھنے سے 4 مزدور جاں بحق
کوئٹہ کے علاقے سورینج میں کوئلہ کی کان بیٹھ جانے سے 4 مزدور جاں بحق ہوگئے۔
لیویز عہدیدار نے ڈان نیوز کو بتایا کہ کان میں کام کرنے والے چاروں مزدور کان بیٹھنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جن کی لاشوں کو دو گھنٹے کے طویل ریسکیو آپریشن کے بعد نکالا گیا۔
جاں بحق ہونے والوں کا تعلق سوات کے علاقے شانگلہ سے تھا جبکہ ان کی شناخت کشمیر خان، عبدالقیوم، محمد عرفان اور محمد انور کے ناموں سے ہوئی۔
لیویز عہدیدار کا کہنا تھا کہ لاشوں کو پاکستان منرلز ڈویلپمنٹ سینٹر کے ہسپتال منتقل کیا، جو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: کوئلے کی کان میں مزید 3 مزدور ہلاک
بلوچستان میں کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدور انتہائی مخدوش حالات میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔
بلوچستان میں کان کنوں کو نامصائب حالات کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کی خراب صورتحال کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مزید پڑھیں: بلوچستان: کوئلے کی کان میں زہریلی گیس سے 7 مزدور ہلاک
قبل ازیں صوبے کی کئی کانوں میں دھماکے کے واقعات بھی پیش آچکے ہیں جن میں کئی مزدوروں لقمہ اجل بنے۔
تبصرے (1) بند ہیں