• KHI: Maghrib 6:02pm Isha 7:22pm
  • LHR: Maghrib 5:19pm Isha 6:44pm
  • ISB: Maghrib 5:19pm Isha 6:47pm
  • KHI: Maghrib 6:02pm Isha 7:22pm
  • LHR: Maghrib 5:19pm Isha 6:44pm
  • ISB: Maghrib 5:19pm Isha 6:47pm

آصف زرداری کے 'لاپتہ' ساتھی بلوچستان سے بازیاب

شائع May 7, 2017
آصف علی زرداری کے لاپتہ ساتھی جنھیں بلوچستان سے بازیاب کرایا گیا —فوٹو: ڈان نیوز
آصف علی زرداری کے لاپتہ ساتھی جنھیں بلوچستان سے بازیاب کرایا گیا —فوٹو: ڈان نیوز

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے سندھ سے لاپتہ ہونے والے ساتھیوں کو صوبہ بلوچستان سے بازیاب کرالیا گیا۔

خیال رہے کہ آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی غلام قادر مری اور اشرف لغاری سمیت 5 افراد 7 اپریل کو سندھ کے مختلف علاقوں سے لاپتہ ہوگئے تھے بعد ازاں ان کی گاڑی جامشورو کے تھرمل پاور پلانٹ کے قریب سے ملی تھی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) طارق دھاریجو نے بتایا کہ حساس اداروں کے اہلکاروں کی مدد سے سابق صدر کے دو ساتھیوں کو صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تربت سے بازیاب کرالیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بازیاب کرائے گئے افراد کو کراچی منتقل کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: ’وفاقی حکومت سندھ کے لوگوں کا اغوا بند کرے‘

پی پی پی کے سینٹر سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاپتہ افراد کو قانون نافذ والے اداروں کی مدد سے بازیاب کرایا گیا ہے اور اس حوالے سے پی پی پی نے کسی سے ڈیل نہیں کی۔

انھوں نے الزام لگایا کہ لاپتہ افراد کو بااختیار افراد نے حراست میں لیا تھا جو ان کی پارٹی کے مطابق آصف علی زرداری کے خلاف سازش میں شریک ہیں۔

آصف علی زرداری کے بازیاب کرائے جانے والے ساتھی غلام قادر مری ایک زمیندار ہیں اور ان کی زرعی زمین ٹنڈو الہیار میں موجود ہے جبکہ ان کی رہائش دریا خان مری گاؤں میں ہے۔

ان کے خاندانی ذرائع کے مطابق وہ متعدد بیماریوں کا شکار تھے جبکہ وہ پی پی پی کی اعلیٰ قیادت کی زرعی زمینوں اور ان سے متعلق معاملات کو بھی دیکھ رہے تھے۔

غلام قادر مری رواں سال مارچ میں حب کے علاقے میں ہونے والے جلسے میں آصف علی زرداری کے ساتھ تھے۔

وہ آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور کے شوہر میر انور تالپور کے انتہائی قریبی بتائے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: زرداری کے ساتھی 'لاپتہ'، اپوزیشن لیڈر کی تشویش

یاد رہے کہ بازیاب کرائے گئے اشرف لغاری گذشتہ ماہ سپر ہائے پر گڈاپ تھانے کی حدود سے لاپتہ ہوئے تھے، وہ دبئی میں قائم اومنی گروپ میں کام کرتے تھے۔

ان کے علاوہ بازیاب کرائے گئے دیگر افراد میں خان محمد منگی، جو غلام قادر مری کے سیکریٹری بتائے جاتے ہیں اور ساجد آرائیں جبکہ ایک ڈرائیور محمود خاصخیلی بھی شامل ہیں۔

تاہم خیال رہے کہ 5 اپریل 2017 کو اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والے حکومت سندھ کے سابق مشیر نواب علی لغاری کا ابھی تک سراغ نہیں مل سکا۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025