سام سنگ کا پہلا ڈوئل کیمرے والا فون
سام سنگ کا پہلا ڈوئل کیمرے والا فون گلیکسی نوٹ 8 نہیں بلکہ گلیکسی سی ہوگا۔
امریکی جریدے فوربس کی ایک رپورٹ کے مطابق پہلے ایسی لیکس سامنے آئی تھیں کہ گلیکسی نوٹ ایٹ ڈوئل رئیر کیمرے کے ساتھ ہوگا مگر اب عندیہ ملا ہے کہ صارفین کو سام سنگ کے پہلے ایسے فون کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔
رپورٹ کے مطابق سام سنگ گلیکسی ڈوئل کیمرے سیٹ اپ کو نوٹ ایٹ سے پہلے ایک درمیانے درجے کے اسمارٹ فون میں آزمانا چاہتی ہے۔
سام سنگ گلیکسی سی کی جو تفصیلات اب تک سامنے آئی ہیں ان کے مطابق اس میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 660 پراسیسر، فور جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج جیسے فیچرز ہوں گے۔
مزید پڑھیں : گلیکسی نوٹ 8 کی پہلی جھلک؟
تاہم اس کی اہمیت یہی ہے کہ یہ جنوبی کورین کمپنی کا پہلا فون ہوگا جس میں ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ دیا جائے گا اور اس سے یہ بھی عندیہ ملتا ہے کہ اسے گلیکسی نوٹ ایٹ سے پہلے فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
گلیکسی نوٹ ایٹ کو اگست یا ستمبر میں متعارف کرایا جائے گا جبکہ گلیکسی نوٹ اس سے پہلے سامنے آجائے گا۔
رپورٹ کے مطابق سام سنگ نے اگرچہ اس فیچر کو کافی تاخیر سے اپنانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم وہ اسے براہ راست فلیگ شپ ڈیوائس میں نہیں دینا چاہتی۔
اس کی بجائے وہ کم قیمت فون میں اس کا تجربہ کرکے اس کی خامیاں دیکھنا چاہتی ہیں تاکہ گلیکسی نوٹ ایٹ میں اس کا تجربہ پرفیکٹ بنایا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں : سام سنگ کے 'سب سے بہترین' گلیکسی فونز پیش
گلیکسی سی کی قیمت اور متعارف کرائے جانے کی تاریخ ابھی سامنے نہیں آسکی اور سام سنگ نے بھی اس رپورٹ پر کوئی بات کرنے سے انکار کیا ہے۔
گلیکسی نوٹ ایٹ میں او ایل ای ڈی ایج اسکرین ڈسپلے دیا جائے گا جو کہ ابھی گلیکسی ایس ایٹ میں بھی دیا گیا ہے جبکہ گلیکسی سی میں بھی ایسے ڈسپلے دیئے جانے کا امکان ہے۔