• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’احتجاج کرنے والوں کی خواہش پر استعفیٰ نہیں دوں گا‘

شائع April 29, 2017
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنے والے احتجاج ہی کرتے رہ جائیں گے، حکومت سڑکیں بناتی جائے گی اور مخالفین سڑکیں ناپتے جائیں گے جبکہ وہ مخالفین کی خواہش پر استعفیٰ نہیں دیں گے۔

اوکاڑہ میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ’نواز شریف وعدہ کرکے بھولتا نہیں، میں نے 2013 میں کہا تھا اوکاڑہ سے موٹروے گزرے گی، مجھے اپنا وعدہ یاد ہے جس کی میں آج تجدید کرنے آیا ہوں، اوکاڑہ سے موٹروے ضرور گزرے گی، جبکہ موٹروے سے منسلک ہونے کے بعد اوکاڑہ کے وارے نیارے ہوجائیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آج اوکاڑہ والوں کیلئے سوئی گیس لائنوں کی بنیاد رکھ دی ہے، دیپالپور چوک کے فلائی اوور پر 74 کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں، 20 کروڑ روپے کا فنڈ اوکاڑہ میں سڑکوں کی تعمیر اور مرمت پر خرچ کیا جائے گا جبکہ اوکاڑہ میں صنعتی زون بھی بنایا جائے گا۔‘

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’مخالفین چھوٹی چھوٹی جلسیاں کر رہے ہیں، ان جلسیوں اور اس جلسے میں زمین و آسمان کا فرق ہے، لوڈ شیڈنگ کی وجہ بننے والے لوڈ شیڈنگ کی بات کر رہے ہیں، لیکن ہر ماہ ملک میں بجلی کا نیا کارخانہ تیار ہو رہا ہے، 2018 میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا اور بجلی نہ صرف آئی گئی بلکہ سستی بھی ہوگی، جبکہ عوام کا جذبہ بتا رہا ہے 2018 کا الیکشن بھی (ن) لیگ کا ہوگا۔‘

مزید پڑھیں:اللہ تعالیٰ مخالفین کو ہدایت دے، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں موٹروے اور بجلی کے منصوبے ہم بنا رہے ہیں، سکھر سے حیدر آباد موٹروے عنقریب بننا شروع ہوجائے گا، پاکستان سے دہشت گردی ختم ہو رہی ہے اور کراچی کا امن واپس آرہا ہے۔‘

نواز شریف نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’کہا جارہا ہے نواز شریف استعفیٰ دو، کیا آپ کے کہنے پر نواز شریف استعفیٰ دے گا؟ سیاست کرنا اور ملک چلانا تمہارا کام نہیں، جاؤ جاکر کرکٹ کھیلو بلکہ مخالفین کی تو اب کرکٹ کھیلنے کی بھی عمر نہیں رہی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’احتجاج کرنے والے احتجاج ہی کرتے رہ جائیں گے، ہم سڑکیں بناتے جائیں گے وہ سڑکیں ناپتے جائیں گے اور پاکستان کے چپے چپے میں ترقی ہوگی، جبکہ عوام کا جذبہ مخالفین دیکھ لیں تو جلسیاں بھی کرنا بند کردیں گے۔‘

قبل ازیں اوکاڑہ کے علاقے شیر گڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے اوکاڑہ کے قریب 100 دیہاتوں کے لیے گیس کی فراہمی کی غرض سے 50 کروڑ روپے فنڈز کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’کام پکا کرنا چاہیے، میں نے صرف اعلان نہیں کیا، بلکہ اس پر مہر لگائی ہے'۔

وزیراعظم نے کہا 'میری بہت خواہش تھی کہ میں یہاں آؤں اور وقت گزاروں، ابھی تو ابتداء ہے، آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔‘

انہوں نے مخالفین پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا 'ہم کام کر رہے ہیں، فارغ نہیں بیٹھے، لیکن ہمارے مخالف ٹانگیں کھینچنے میں مصروف ہیں۔‘

انھوں نے کہا 'مخالفین جانتے ہیں کہ ترقی کا سفرجاری رہا تو 2018 میں وہ فارغ ہوجائیں گے'۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ کی حکومت مدت پوری کرے گی، وزیراعظم

اس سے قبل عبدالرزاق نیازی کو مسلم لیگ (ن) میں واپسی پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا 'ہماری دوستی جس سے ہوتی ہے، زندگی بھر کے لیے رہتی ہے، ایک دفعہ کا دوست پھر زندگی بھر کا دوست'۔

وزیراعظم نے اس موقع پر علاقے کے بلدیاتی نمائندوں کے لیے بھی 50 کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان کیا، جبکہ ان کا کہنا تھا کہ رینالہ خورد میں ریلوے اسٹیشن بنانے کے لیے وہ وزیر ریلوے سعد رفیق سے بات کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024