اوبر کا اسلام آباد، راولپنڈی میں بھی سروس کا آغاز
سفری سہولت کو فراہم کرنے والی کمپنی ’اوبر‘ نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی اپنی سروس کے آغاز کا اعلان کردیا۔
جڑواں شہروں میں سروس کے آغاز کے بعد ’اوبر‘ جن شہروں میں سفر کی سہولت فراہم کر رہا ہے، ان کی تعداد دو سے بڑھ کر چار ہوجائے گی۔
کمپنی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور اوبر پاکستان کی منیجمنٹ کے درمیان ملاقات میں شہریوں کو محفوظ، سستی اور قابل اعتماد ٹرانسپورٹ سہولت کی فراہمی سے متعلق تبادلہ خیال ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: اوبر کا کراچی میں سروس شروع کرنے کا اعلان
اوبر پاکستان کے جنرل منیجر سَفی شاہ نے کہا کہ ’چونکہ اسلام آباد کا انفراسٹرکچر تیزی سے شہری ہوچکا ہے، اس لیے محفوظ، سستی اور قابر بھروسہ ٹرانسپورٹ کی مانگ بھی بڑھ چکی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اوبر پاکستان کا مقصد موجودہ ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر میں بہتری لانا ہے اور اس سلسلے میں ہم حکومتی نمائندوں اور دیگر مقامی اداروں کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔
مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے لیے اوبر کے سربراہ اینتھونی لے روکس کا کہنا تھا کہ ’پاکستان، ہمارے لیے خطے کی سب سے اہم مارکیٹ ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ پاکستان میں ترقی کے وسیع امکانات ہیں۔‘
مزید پڑھیں: اوبر بمقابلہ کریم : کونسی سروس زیادہ بہتر؟
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ اوبر اسلام آباد اور راولپنڈی میں سروس کے آغاز کی خوشی، تمام شہریوں کو مفت رائیڈز کی آفر دے کر منا رہا ہے، جس کے ذریعے شہری اوبر کی موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد پرومو کوڈ UBERLOVESISB استعمال کرتے ہوئے 250 روپے تک کی پانچ مفت رائیڈز حاصل سکتے ہیں۔
تبصرے (1) بند ہیں