• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

الیکشن کمیشن نے میئر راولپنڈی کو نااہل قرار دے دیا

شائع April 26, 2017

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے میئر راولپنڈی سردار نسیم کو گذشتہ برس مخصوص نشستوں پر ہونے والے بلدیاتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کا جرم ثابت ہونے پر نااہل قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی طاہرہ تنویر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی لبنیٰ اقبال نے سردار نسیم کی نااہلی کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں درخواستیں دائر کی تھیں۔

ان درخواستوں میں سردار نسیم پر گذشتہ برس 15 نومبر کو مخصوص نشستوں کے بلدیاتی الیکشن کے دوران انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے اور ایک مخصوص امیدوار کے حق میں ٹھپے لگانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

درخواست گزاروں نے اپنے دعووں کے ساتھ ویڈیو ثبوت بھی الیکشن کمیشن میں جمع کروائے تھے۔

مزید پڑھیں: لاہور، راولپنڈی اور گجرات کے میئرز نے حلف اٹھالیا

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے میئر راولپنڈی سردار نسیم کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران ملزم سردار نسیم نے اپنے وکیل کے توسط سے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ مذکورہ تاریخ کو پولنگ اسٹیشن میں داخل ضرور ہوئے تھے، تاہم انتخابی عملے کی جانب سے اعتراض اٹھائے جانے پر وہ فوراً ہی وہاں سے چلے گئے تھے۔

تاہم سردار نسیم نے کسی بھی غلط کام یا مخصوص امیدوار کے حق میں ٹھپے لگائے جانے کی تردید کردی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ نے میدان مارلیا

الیکشن کمیشن نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے سردار نسیم کے خلاف نااہلی کی درخواستیں منظور کرلیں اور انھیں میئر راولپنڈی کے عہدے سے ڈی سیٹ کردیا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت کے دوران ان درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024