نواز شریف کے بعد آصف زرداری کے پیچھے آؤں گا،عمران خان
دادو: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری نے وہ کارنامہ انجام دیا جو کوئی فوجی آمر بھی نہیں کرسکا جبکہ اب میں نواز شریف کے بعد ان کے پیچھے جارہا ہوں۔
دادو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’آصف زرداری نے کہا کہ مجھے سیاست نہیں آتی، اگر آپ کو سیاسی سمجھ ہے تو آپ نے تو وہ کارنامہ انجام دیا جو کوئی فوجی آمر بھی نہیں کرسکا، آپ نے وہ جماعت جو چاروں صوبوں میں پھیلی ہوئی تھی اسے ایک چھوٹی سی جماعت بنا دیا، جبکہ پیپلز پارٹی کو چھوٹا کرنے والے مبارکباد کے مستحق ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سابق صدر نے کہا کہ مجھے سیاسی سمجھ نہیں تو میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ مجھے ایسی سمجھ نہ دینا، جبکہ پیپلز پارٹی کو ڈکٹیٹر نہیں ہلا سکے لیکن آصف زرداری نے وہ کام کر دکھایا۔’
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف کی بدقسمتی کہ پاناما کا انکشاف ہوگیا اور انکشاف کیا ہوا کہ جو لندن میں اربوں کی مالیت کے مے فیئر کے اپارٹمنٹس تھے وہ نواز شریف کے نکلے جن کا ہمیں پہلے سے پتہ تھا، نواز شریف کو لوگ کہتے تھے کہ کتنا معصوم ہے لیکن میں انہیں دہائیوں سے جانتا ہوں۔‘
یہ بھی پڑھیں: پاناما کیس: سپریم کورٹ کا جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ
ان کا کہنا تھا کہ ’پاناما کے انکشاف کے بعد تحقیقات کے لیے پہلے انہوں نے ہمیں ٹی او آر کے پیچھے لگادیا، خواجہ آصف کہتے تھے کہ لوگ پاناما کیس کو بھول جائیں گے، پوری کوشش کی کہ نواز شریف اسمبلی میں جواب دیں اور اب جب سپریم کورٹ کی جانب سے کیس کا فیصلہ آگیا ہے تو وزیراعظم کی اخلاقی حیثیت ختم ہوگئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کرپشن کے ذریعے قوم کا پیسا لوٹا گیا اس لیے ہم مقروض ہوئے، غریب مزید غریب ہوگیا، سڑکیں، ہسپتال، تعلیمی نظام سب تباہ ہوگیا، قرضوں کی وجہ سے قوم کا بچہ بچہ مقروض ہوگیا ہے، ایک روپیہ کماتے ہیں 70 پیسے قرضے کی مد میں دے دیتے ہیں، آصف زرداری سے پوچھیں کہ پیسا کہاں سے آیا؟ لیکن آصف زرداری، نواز شریف کے بعد اب میں آپ کے پیچھے آرہا ہوں اور اب ہم سندھ کے ہر علاقے میں جائیں گے۔‘
مزید پڑھیں: نواز شریف فوری طور پر استعفیٰ دے دیں: عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ’پاناما کیس کے فیصلے کے بعد مٹھائی بانٹنے والے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مل کر پیسہ بنا رہے ہیں، لیکن ہم اسلام آباد کے جلسے میں نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ کریں گے، جمعہ کو اسلام آباد میں پورا ملک جمع ہوگا اور اس کے بعد میں کراچی کا رخ کروں گا۔‘
تبصرے (2) بند ہیں