• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
شائع April 20, 2017


پاناما لیکس

ایاز احمد لغاری


گذشتہ برس اپریل میں پاناما کی مشہور لا فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات سے پاکستان سمیت دنیا کی کئی طاقت ور اور سیاسی شخصیات کے 'آف شور' مالی معاملات عیاں ہوئے تھے۔

صحافیوں کے گروپ انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) نے پاناما پیپرز سے متعلق دستاویزات دو قسطوں میں جاری کی تھیں، دونوں اقساط میں پاکستان کی طاقت ور اور اثرو رسوخ رکھنے والی 350 سے زائد شخصیات کے نام سامنے آئے تھے، پاناما پیپرز میں شریف خاندان کے نام بھی شامل تھے۔


وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ سب کی نظروں کا مرکز


دستاویزات کے مطابق وزیراعظم کے اہل خانہ اور ان کے بھائی شہباز شریف آٹھ آف شور کمپنیوں سے منسلک ہیں، جبکہ وزیراعظم کے بچے کئی کمپنیوں کے مالک یا وہاں سے پیسے منتقل کرنے کا اختیار رکھتے ہیں، اس انکشاف کے بعد شریف خاندان پر کرپشن الزامات کی ایک تازہ لہر اٹھی اور اپوزیشن جماعتوں بالخصوص پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم کے خلاف نیا محاذ کھڑا کردیا۔


وزیراعظم کا مؤقف


وزیر اعظم نواز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ وہ پاناما انکشافات کے معاملے پر تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنانے پر راضی ہیں۔


عمران خان کا مؤقف


عمران خان کا مطالبہ تھا کہ سپریم کورٹ کے حاٖضر چیف جسٹس (اب ریٹائر) انور ظہیر جمالی کمیشن کی سربراہی کریں جبکہ حکومت سابق جج صاحبان پر مشتمل کمیشن تشکیل دینا چاہتی تھی۔


حکومت نے اپنے ٹی او آرز پیش کردیے


وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک حکومتی ٹیم نے کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنسز (ٹی او آرز) کو آخری شکل دی۔


اپوزیشن نے حکومتی ٹی او آرز مسترد کر دیئے


پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں نے اس کمیشن کے ٹی او آرز کو حزب اختلاف کی جماعتوں سے مشاورت کے ساتھ مرتب کرنے کا مطالبہ کیا، جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے ایک مشترکہ اجلاس کے بعد حزب اختلاف نے اپنے ٹی او آرز حکومت اور میڈیا کے سامنے پیش کیے۔ ان ٹی او آرز میں آف شور کمپنیوں کے سلسلے میں تحقیقات کا آغاز شریف خاندان سے کرنے پر زور دیا گیا تھا۔


حکومت نے حزب اختلاف کے ٹی او آرز مسترد کر دیے


حکومتی مؤقف تھا کہ حزب اختلاف صرف وزیراعظم اور شریف خاندان کو ذاتی طور پر ہدف بنانا چاہتی ہے جبکہ حکومت، اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر ٹی او آرز مرتب کرنے کے لیے تیار ہے۔


نواز شریف کا پارلیمنٹ میں خطاب، وضاحت پیش کر دی


وزیراعظم نواز شریف نے ٹی او آرز مرتب کرنے کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کر دی، جس کے تحت ایک ایسا عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے جس کا حوالہ انہوں نے پاناما الزامات کے بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کیا تھا۔


ٹی او آرز کے لیے باہمی رضامندی


بالآخر حکومت اور حزب اختلاف ایک باہمی 12 رکنی ٹی او آرز کمیٹی تشکیل دینے پر رضامند ہو گئے۔


ٹی او آرز تعطل کا شکار


حکومتی اور حزب اختلاف کے ارکان ایک دوسرے کے مؤقف کو مسترد کرتے اور الزامات لگاتے رہے۔


پی ٹی آئی نے وزیر اعظم کے خلاف نااہلی کی پٹیشن دائر کر دی


بعدازاں پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی پارلیمنٹ میں دی گئی تقریر کی بنیاد پر ان کے خلاف نااہلی کی پٹیشن دائر کردی، ان کا مؤقف تھا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ کے فلور پر متضاد بیانات دیے، چنانچہ اب وہ صادق اور امین نہیں رہے۔


عمران خان نے اپنے حامیوں کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مظاہرہ کرنے کو کہا



عمران خان کی سپریم کورٹ سے درخواست

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی سمیت جمہوری وطن پارٹی، جماعت اسلامی اور دیگر کی پٹیشنز قبول کرنا شروع کر دیں۔


عدالتی کارروائی


سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کے معاملے پر پٹیشنز کی سماعت کے لیے پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سماعت کا سلسلہ رک گیا۔ جس کے بعد جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں نیا پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا۔


پی ٹی آئی کے شواہد اور پکوڑے


سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان سے سوال کرتے ہوئے لارجر بینچ کے رکن جسٹس شیخ عظمت سعید کا کہنا تھا کہ 'لگتا ہے پٹیشنز دائر کرنے کا مقصد سچ کو ایسے ثبوتوں تلے دبانا تھا جن میں اخبار کے تراشوں کے سوا کچھ موجود نہیں، یہ اخبارات اشاعت کے ایک روز بعد صرف پکوڑے فروخت کرنے کے کام آسکتے ہیں۔'


قطری خط اور عدالتی مؤقف


عدالت میں پیش کیے گئے قطری شہزادے حماد بن جاسم بن جابر الثانی کے تحریری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ 'میرے والد اور نواز شریف کے والد کے درمیان طویل عرصے سے کاروباری تعلقات تھے، میرے بڑے بھائی شریف فیملی اور ہمارے کاروبار کے منتظم تھے۔'

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ ’اس دستاویز نے وزیراعظم کے عوام کے سامنے دیئے گئے موقف کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے‘۔


عدالتی حکم نامہ جاری ہونے کو ہے


پاناما کیس کی سماعت 23 فروری کو مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا، جس کا سب کو بے صبری سے انتظار ہے۔

تبصرے (2) بند ہیں

imran Apr 20, 2017 01:26pm
اپنے تمام ہم وطنوں سے اس عاجز کی صرف ایک گزارش ہیکہ آپ سب الله تعالی کے حضور صدق دل کیساتھ ہمارے پیارے پاکستان کی سلامتی بہتر مستقبل اور ایک انصاف پسند معاشرے کے قیام اور اسکی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ یعنی کرپٹ موروثی حکمران اشرافیہ سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں .... دعاؤں میں بہت طاقت ہوتی ہے ..... آج ہماری تاریخ کا ایک اہم ترین دن ہے ، ایک انتہائی اھم عدالتی فیصلہ آنے کوھے جسکے اثرات ہم پر ہی نہیں ہماری آیندہ نسلوں پر بھی پڑیں گے ..... بس دعا کریں که یہ ایک ایسا فیصلہ نہ ہو کہ پاکستانی قوم ایک بار پھر ایک طویل عرصے کیلئے مایوسی اور نا امیدی کے اندھیرے کا شکار ھوجاے .
Mian mUskrahat Ali Apr 20, 2017 08:19pm
justice must be prevail