• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:26pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:42pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:42pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:26pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:42pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:42pm

نارویجیئن خواتین پر تشدد، چیف جسٹس نے نوٹس لے لیا

شائع April 19, 2017

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر نارویجیئن خواتین پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری داخلہ و سیکریٹری ایوی ایشن سے تین دن کے اندر واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے یہ معاملہ میڈیا پر آنے کے بعد اس کا نوٹس لیا اور ہدایات جاری کیں۔

قبل ازیں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) عملیش خان نے اسلام آباد کے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خواتین مسافروں اور امیگریشن اہلکار میں 'جھگڑے' کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں فریقین کو طلب کر لیا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں سے 'جھگڑا' کرنے پر امیگریشن حکام نے خاتون اہلکار نوشیبا کو اگلے احکامات تک معطل کردیا تھا۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی گردش کر رہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 14 اپریل کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر ناروے کا پاسپورٹس رکھنے والی نوشہرہ کی خاتون حسینہ بیگم (جن کے ساتھ ان کی 2 بیٹیاں بھی تھیں) نے ٹائلٹ پیپر موجود نہ ہونے کی شکایت کی اور تلخ کلامی پر ایف آئی اے کی خاتون اہلکار کو تھپڑ مارا، جس کے ردعمل میں اہلکار نے خاتون اور ان کی بیٹی پر تشدد کیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایئرپورٹ پر موجود دیگر اہلکار اور مسافر خاموش تماشائی بنے کھڑے رہے۔

واقعے کے بعد دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمہ درج کرادیا تھا۔

ایف آئی اے کی ابتدائی تفتیش میں سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی سہارا لیا گیا جہاں مسافر خاتون کو جھگڑے میں پہل کرتے ہوئے پایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق خاتون مسافر نے ایئرپورٹ سے باہر نکلتے ہوئے ایف آئی اے اہلکار کو جان سے مارنے اور اغوا کی سنگین دھمکیاں دیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز خاتون مسافر کے والد نے واقعے کی غلطی قبول کرتے ہوئے ایف آئی اے سے تحریری طور پر معافی مانگ لی تھی۔

ڈائریکٹر جنرل ایف آئی نے خاتون حسینہ بیگم، ان کے والد اور ایف آئی اے اہلکار کو بھی طلب کرلیا۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے بھی واقعے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کی تھی۔

وزیر داخلہ برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے حکام نے ذمہ داران کے خلاف کارروائی میں تاخیر کیوں کی۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی اہلکار نے خاتون پر تشدد کیا لیکن کسی نے اس حوالے سے پوچھا تک نہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

حسین عبداللہ Apr 20, 2017 01:20am
بیرون ملک مقیم افراد کے ساتھ اسلام آباد ائیرپورٹ میں آتے جاتے وقت بے جا تنگ کرنا اور بعض اوقات بغیر کسی سبب کے اس قدر بیٹھائے رکھنا کہ ٹکٹ ہی کینسل ہوجائے کوئی نئی بات نہیں ایف آئی اہلکار سے لیکر امیگریشن تک میں اس قسم کا رویہ موجود ہے البتہ اس واقعے خاتون مسافر کو اہلکار پر ہاتھ نہیں اٹھانا چاہیے تھا

کارٹون

کارٹون : 13 جنوری 2025
کارٹون : 12 جنوری 2025