• KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

یمن: سعودی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 12 فوجی اہلکار ہلاک

شائع April 18, 2017

ریاض: یمن میں سعودی فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 4 افسران سمیت 12 سعودی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق سعودی پریس نیوز ایجنسی نے سعودی فوجی اتحاد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سعودی بلیک ہاک، یمن کے دارالحکومت صنعا کے مشرقی صوبے مارب میں آپریشن کے دوران گر کر تباہ ہوا، تاہم ہیلی کاپٹر گرنے کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ ’حادثے کے محرکات کی تحقیقات کی جائی گی۔‘

سعودی اتحاد کے ترجمان جنرل احمد اسیری نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر گرنے کی وجوہات کے بارے میں تبصرہ کرنا انتہائی قبل از وقت ہوگا، جو کہ یمن میں اتحاد کو پیش آنے والے بڑے حادثات میں سے ایک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ دور میں یمن پر پہلی امریکی کارروائی

حوثی باغیوں کے زیر کنٹرول صبا نیوز ایجنسی نے کہا کہ ہیلی کاپٹر صوبائی دارالحکومت مارب کے مشرق میں گر کر تباہ ہوا، جبکہ اس نے بھی واقعے کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے صدر عبدالرب منصور ہادی کی عالمی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت میں یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف مارچ 2015 میں فضائی حملوں کا آغاز کیا تھا۔

اتحاد کے دو اہم ترین ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو یمن میں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور ان کے درجنوں فوجی ہلاک ہوئے۔

ستمبر 2015 میں مارب میں اتحاد کی بیس پر باغیوں کے میزائل حملے میں 67 اتحادی فوجی ہلاک ہوئے تھے، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق متحدہ عرب امارات سے تھا۔

مزید پڑھیں: یمن: ’سعودی اتحاد‘ کی بمباری میں 140 افراد ہلاک

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق یمن میں مارچ 2015 سے اب تک 7 ہزار 700 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں زیادہ تعداد عام شہریوں کی ہے۔

حکومت اور باغی فورسز کے درمیان اقوام متحدہ کی جانب سے کرائے گئے 7 سیز فائر معاہدے بھی ناکام ہوئے، جبکہ یو این کے حمایت یافتہ امن مذاکرات کو بھی کئی بار ناکامی کا سامنا رہا۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024