بھارتی کوسٹ گارڈز اور پاکستان میری ٹائم کے مذاکرات منسوخ
اسلام آباد: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو پاکستان کی جانب سے سنائے جانے والی سزائے موت کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا۔
بھارتی کوسٹ گارڈز اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے درمیان طے شدہ مذاکرات ہندوستان کی جانب سے منسوخ کردیے گئے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان اور بھارت کی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان مذاکرات منسوخ ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی گئی
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ان مذاکرات کو منسوخ کرنے کا فیصلہ پاکستان کی جانب سے نہیں بلکہ بھارت کی طرف سے کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاک بھارت سمندری تحفظ پر اہم مذاکرات 17 اپریل کو ہونے تھے اور پاکستانی وفد کو 16 اپریل کو بھارت پہنچنا تھا۔
یہ رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں کہ بھارتی کوسٹ گارڈز نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کو مطلع کر دیا ہے۔
دونوں ایجنسیوں کے درمیان آخری اجلاس گزشتہ برس پاکستان میں ہوا تھا جبکہ پاکستان اور بھارت نے 2003ء میں باہمی معاہدے کے تحت ان مذاکرات کا آغاز کیا تھا۔
ان مذاکرات کا مقصد سمندری محافظوں کے مابین معلومات کے تبادلے اور تعاون میں اضافہ کرنا تھا۔
مزید پڑھیں: 'کلبھوشن کی سزائے موت، بھارت کچھ نہیں کرسکتا'
یاد رہے کہ 10 اپریل کو جاسوسی، کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی گئی تھی۔
3 مارچ 2016 کو حساس اداروں نے بلوچستان کے علاقے ماشکیل سے بھارتی جاسوس اور نیوی کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا تھا۔
کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائے جانے کے فیصلے پر بھارتی دفتر خارجہ نے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو طلب کیا اور سزائے موت سنائے جانے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔
بھارتی دفترخارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ اگر کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر عمل درآمد ہوا تو یہ ’پہلے سے سوچا سمجھا قتل‘ تصور ہوگا۔