• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

پولارڈ نے بدری کی ہیٹ ٹرک پر پانی پھیر دیا

شائع April 14, 2017
کیرون پولارڈ نے 70 رنز کی اننگز کے دوران پانچ چھکے لگائے— فوٹو: اے پی
کیرون پولارڈ نے 70 رنز کی اننگز کے دوران پانچ چھکے لگائے— فوٹو: اے پی

انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں کیرون پولارڈ نے ساتھی ویسٹ انڈین باؤلر سیمیول بدری کی ہیٹ ٹرک پر پانی پھیرتے ہوئے ممبئی انڈینز کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

بنگلور میں کھیلے گئے میچ میں ممبئی نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، بنگلور کی ٹیم میں کپتان ویرات کوہلی کی واسی ہوئی جو انجری کے سبب اتدائی میچز میں حصہ نہیں لے سکے۔

اوپنرز کرس گیل اور ویرات کوہلی نے ٹیم کو 63 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن کرس گیل نے سست رفتار بیٹنگ کی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے 22 رنز بنانے کیلئے 27 گیندوں کا سہارا لیا۔

اے بی ڈی ویلیئرز اور کوہلی نے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن دونوں ہی کھلاڑی آگے پیچھے پویلین لوٹ گئے جس سے بنگلور کے بڑے اسکور کی امیدیں ماند پڑ گئیں۔

بنگلور کی ٹیم اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی اور آخری 32 گیندوں پر کوئی بھی باؤنڈری نہ مار سکی۔

بنگلور کی جانب سے ویرات کوہلی نے اپنی واپسی کو یادگار بناتے ہوئے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے جبکہ ڈی ویلیئرز نے 19 رنز کی باری کیلئے 21 گیندوں کا سہارا لیا۔

ممبئی نے 143 رنز کے نسبتاً آسان نظر آنے والے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اسٹورٹ بنی نے صرف سات کے اسکور پر جوز بٹلر کو پویلین روانہ کردیا لیکن اصل ڈرامہ اگلے اوور میں شروع ہوا۔

سیمیول بدری نے اپنے اوور کی دوسری، تیسری اور چوتھی گیند پر پارتھیو پٹیل، مچل میک کلینیگن اور پھر کپتان روہت شرما کو آؤٹ کر کے آئی پی ایل کے رواں سیزن کی پہلی ہیٹ ٹرک کر لی۔

صرف سات رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد ممبئی کی ٹیم میچ سے تقریباً باہر ہو چکی تھی جبکہ 33 کے مجموعے پر نتیش رانا پویلین لوٹے تو آدھی ٹیم آؤٹ ہو چکی تھی۔

لیکن اس موقع پر کیرون پولارڈ نے بنگلور کو یقینی فتح سے محروم کرتے ہوئے ایک شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ناقابل یقین فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

انہوں نے کرونل پانڈیا کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلئے 57 گیندوں پر 93 رنز کی شراکت قائم کر کے جیت کے امکانات روشن کر دیے۔

ویسٹ انڈین اسٹار پانچ چھکوں اور تین چوکوں سے مزین 70 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تو ممبئی کو 15 گیندوں پر جیت کیلئے 17 رنز درکار تھے اور پانڈیا برادرز نے اپنی ٹیم کو سات گیندوں قبل ہی فتح سے ہمکنار کرادیا، کرونل پانڈیا 37 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

بنگلور کی جانب سے بدری نے صرف نو رنز کے عوض چار وکٹیں لیں لیکن کیرون پولارڈ کو فتح گر اننگز کھیلنے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024