• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ای سی ایل سے نام خارج کروانے کیلئے ڈاکٹرعاصم کا عدالت سے رجوع

شائع April 12, 2017

کراچی: سابق مشیر پیٹرولیم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین نے اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے خارج کروانے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

ڈاکٹر عاصم حسین کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ میڈیکل بورڈ نے انہیں ریڑھ کی ہڈی کی سرجری کے لیے بیرون ملک جانے کی تجویز دی ہے، لہذا ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔

ڈاکٹر عاصم حسین کے وکیل کے مطابق عدالت چند دنوں میں اس درخواست پر سماعت کا آغاز کردے گی۔

خیال رہے کہ31 مارچ کو سندھ ہائی کورٹ نے کرپشن کے 2 مقدمات میں سابق صدر آصف علی زرادری کے قریبی ساتھی کی رہائی کے احکامات جاری کیے تھے، جس کے بعد انھیں 19 ماہ بعد رہا کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر عاصم حسین 19 ماہ بعد رہا

اس سے قبل 29 مارچ کو سندھ ہائیکورٹ نے طبی بنیادوں پر ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف 479 ارب روپے کی کرپشن کے 2 مقدمات میں 25، 25 لاکھ روپے کے 2 ضمانتی مچلکوں کے عوض ان کی ضمانت منظور کی تھی۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو 26 اگست 2015 کو اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ صوبائی ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

27 اگست کو رینجرز نے انہیں دہشت گردوں کے علاج کے الزام میں کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرکے 90 روز کا ریمانڈ حاصل کیا تھا۔

مزید پڑھیں: دہشت گردوں کا علاج کیس: ڈاکٹر عاصم کی رہائی کا حکم

بعدازاں ڈاکٹر عاصم کے خلاف کرپشن، دہشت گردوں کی مالی معاونت اور ان کے علاج کے الزامات پر کراچی کے نارتھ ناظم آباد تھانے میں انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

رینجرز کا ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد نیب نے کرپشن کے مختلف الزامات کے تحت ڈاکٹر عاصم حسین کو حراست میں لیا تھا اور ان کے خلاف اربوں روپے کرپشن کے 2 ریفرنسز بھی دائر کیے گئے۔

احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف 462 ارب روپے کی کرپشن اور جامشورو جوائنٹ وینچر میں 17 ارب کی کرپشن کے دو ریفرنسز دائر تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024