• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

’مردم شماری ہر قیمت پر مکمل کی جائے گی‘

شائع April 10, 2017

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ مردم شماری کا بلاتعطل انعقاد پاک فوج اور حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور یہ عمل ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے راولپنڈی کے ہیڈکوارٹرز آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ میں قائم آرمی کے ’سینسس سپورٹ سینٹر‘ کا دورہ کیا۔

آرمی چیف کو ملک میں جاری مردم و خانہ شماری عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے سینسس سپورٹ سینٹر اور دیگر اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور مردم شماری کے عمل کے دوران جاں بحق ہونے والے پاک فوج کے جوانوں اور سول شمار کنندگان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری کا بلاتعطل انعقاد پاک فوج اور حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور یہ عمل ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج مردم شماری کی تکیمل کو قومی فریضہ سمجھتی ہے اور اس کے کامیاب انعقاد کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے 63 اضلاع میں مردم شماری کا آغاز

واضح رہے کہ 15 مارچ سے پہلے مرحلے میں ملک کے 63 اضلاع میں خانہ و مردم شماری کا عمل جاری ہے۔

چھٹی مردم شماری کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور اس عمل کو شفاف بنانے کے لیے سول شمار کنندگان کے علاوہ تقریباً 2 لاکھ فوجی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

چیف شماریات آصف باجوہ کے مطابق شمار کنندہ عملے میں مختلف محکموں کے 1 لاکھ 18 ہزار افراد شامل ہیں جن میں پاکستان شماریات بیورو سے تعلق رکھنے والا عملہ بھی شریک ہے، جبکہ ان تمام افراد کو مردم شماری کے لیے خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: مردم شماری: 2 لاکھ فوجی اہلکار تعینات کرنے کی منظوری

مردم شماری کا پہلا مرحلہ 15 اپریل تک مکمل ہوجائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے کا آغاز 25 اپریل سے ہوگا جو 25 مئی تک جاری رہے گا۔

مردم شماری کے دوسرے مرحلے میں 87 اضلاع کو شمار کیا جائے گا، جبکہ مردم شماری کی رپورٹس 2 ماہ میں مکمل کرلی جائیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024