گلیکسی نوٹ 8 کی پہلی جھلک؟
سام سنگ نے گزشتہ دنوں ہی اپنے نئے فلیگ شپ فون گلیکسی ایس ایٹ کو متعارف کرایا اور اس کی فروخت بھی رواں ماہ کے آخری عشرے میں شروع ہونے کا امکان ہے، مگر جنوبی کورین کمپنی نے اگلی ڈیوائس پر توجہ بھی مرکوز کردی ہے۔
اور اس بار یہ کمپنی وہ خطرہ مول لینے والی ہے جس کے جھٹکے سے وہ ابھی تک سنبھل نہیں سکی یعنی نیا گلیکسی نوٹ فون۔
جی ہاں گلیکسی نوٹ سیون کی بیٹریاں پھٹنے کے واقعات نے سام سنگ کو یہ ڈیوائس دنیا بھر سے طلب کرنے اور اس کی فروخت روکنے پر مجبور کردیا تھا۔
مگر اب تصویر لیک ہوکر سامنے آئی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ گلیکسی نوٹ 8 کی ہے۔
سلیش لیکس نے یہ تصویر جاری کی ہے جس میں اس کے فیچرز یا دیگر چیزوں پر روشنی نہیں ڈالی گئی۔
اور یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ ایس ایٹ سے کچھ زیادہ مختلف فون نہیں لگتا تاہم ایس پین ضرور اسے نوٹ ڈیوائس کا لک دیتا ہے۔
اس سے قبل گلیکسی نوٹ ایٹ کی جو تفصیلات لیک ہوکر سامنے آئیں ان کے مطابق یہ 6.4 انچ کے سپر امولیڈ ڈسپلے کا حامل فون ہوگا جو کہ ایس ایٹ پلس سے بھی دو انچ بڑے ڈسپلے کے ساتھ ہوگا۔
اسی طرح اسنیپ ڈراگون 835، سکس جی بی ریم اور 256 جی بی تک اسٹوریج اس کے دیگر نمایاں فیچرز ہوسکتے ہیں۔
اور ہاں سام سنگ پہلے ہی نوٹ ایٹ کو اندرونی طور پر 'بہترین' قرار دے چکی ہے۔
ویسے تو اس تصویر کے درست ہونے کی سو فیصد ضمانت تو نہیں مگر یہ واضح ہے کہ یہ فون رواں سال کی آخری سہ ماہی کے دوران متعارف کرایا جائے گا۔
اور یہ تصویر تو پہلا قطرہ ہے، آنے والے ہفتوں میں اس ڈیوائس کی مزید تصاویر اور لیکس سامنے آئیں گی۔